• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

بھارتی ٹیم پر حملے کی دھمکی آمیز ای میل کرنے والا نوجوان گرفتار

شائع August 23, 2019 اپ ڈیٹ August 26, 2019
بھارتی کرکٹ ٹیم اس وقت انٹیگا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے میں مصروف ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
بھارتی کرکٹ ٹیم اس وقت انٹیگا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے میں مصروف ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

ویسٹ انڈیز میں موجود بھارتی کرکٹ ٹیم پر ممکنہ دہشت گرد حملے کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کو ای میل کرنے والے نوجوان کو بھارتی پولیس نے ریاست مہاراشٹرا سے گرفتار کرلیا۔

20سالہ بھارتی نوجوان نے 16 اگست کو پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے آفیشل اکاؤنٹ پر ای میل کر کے آگاہ کیا تھا کہ دورہ ویسٹ انڈیز پر موجود بھارتی کرکٹ ٹیم پر حملے کا خطرہ ہے۔

مزید پڑھیں: سیکیورٹی خدشات: پاک بھارت ڈیوس کپ ٹائی نومبر تک ملتوی

پی سی بی نے یہ ای میل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کو فارورڈ کردی تھی جس کے بعد یہ ای میل بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا(بی سی سی آئی) کو بھی موصول ہو گئی تھی۔

براجا موہن داس نے اپنی ای میل میں بھارتی کرکٹرز کو مارنے کی دھمکی دی تھی جس کو مدنظر رکھتے ہوئے بھارتی پولیس نے دہشت گردی کے الزام میں آسام کے رہائشی کو گرفتار کر لیا۔

موہن داس کو انسداد دہشت گردی اسکواڈ نے 20اگست کو گرفتار کر کے آسام کی عدالت میں پیش کیا جس کے بعد انہیں ٹرانزٹ ریمانڈ پر ممبئی منتقل کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان تحریک انصاف کا ایک سال: کھیل کے میدان میں کیا کچھ ہوا؟

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق انسداد دہشت گردی اسکواڈ نے ممبئی میں انہیں سیوری کورٹ میں پیش کیا جس نے براجا موہن داس کو 26 اگست تک پولیس کی تحویل میں دے دیا ہے۔

17 اگست کو بی سی سی آئی نے اس معاملے سے بھارتی وزارت داخلہ اور ویسٹ انڈین حکام کو آگاہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ بھارتی ٹیم کی سیکیورٹی میں اضافہ کیا جائے جبکہ بعدازاں مذکورہ ای میل بھیجنے والےشخص کی گرفتاری کے لیے اقدامات کیے گئے۔

مزید پڑھیں: سری لنکا کا پاکستان میں ٹیسٹ میچ کھیلنے سے انکار

بھارتی ٹیم اس وقت ویسٹ انڈیز کے خلاف انٹیگا میں سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے میں مصروف ہے۔

انسداد دہشت گردی اسکواڈ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل دیوین بھارتی نے کہا کہ ہم تفتیش میں اس اقدام کی وجہ تلاش کررہے ہیں، موہن داس سائنس کے طالب علم ہیں اور انہوں نے یہ ای میل اپنے موبائل سے کی تھی جس کی وجہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024