• KHI: Fajr 5:08am Sunrise 6:24am
  • LHR: Fajr 4:35am Sunrise 5:56am
  • ISB: Fajr 4:39am Sunrise 6:02am
  • KHI: Fajr 5:08am Sunrise 6:24am
  • LHR: Fajr 4:35am Sunrise 5:56am
  • ISB: Fajr 4:39am Sunrise 6:02am

کرفیو کے باعث جامع مسجد سری نگر میں ہزاروں افراد نماز جمعہ ادا نہ کرسکے

شائع August 9, 2019
سری نگر میں عارضی طور پر کرفیو میں نرمی کی گئی — فوٹو: اے ایف پی
سری نگر میں عارضی طور پر کرفیو میں نرمی کی گئی — فوٹو: اے ایف پی

بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں 5 روز سے جاری کرفیو میں نماز جمعہ کے موقع پر نرمی کا اعلان کیا اور شہریوں کو مقامی مساجد میں نماز ادا کرنے کی اجازت دی۔

امریکی خبررساں ادارے ’ اے پی‘ کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے پولیس چیف دل باغ سنگھ نے بتایا کہ سری نگر کے اکثر علاقوں میں موجود افراد کو مخصوص مساجد میں جانے کی اجازت دی گئی۔

سری نگر میں عارضی طور پر کرفیو میں نرمی کی گئی لیکن اس کا وقت متعین نہیں کیا گیا تھا، تاہم نماز جمہ کا آغاز 12بج کر 37 منٹ پر ہوا جو 20 منٹ تک جاری رہی۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے بتایا کہ بھارتی حکام کی جانب سے لوگوں کو چھوٹی مقامی مسجد میں نماز پڑھنے کی اجازت دی گئی لیکن تاریخی جامع مسجد میں جمعے کا خطبہ دینے کی اجازت نہیں دی گئی جہاں ہزاروں افراد نماز ادا کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں 'سیکیورٹی لاک ڈاؤن' جاری، شہری زندگی مفلوج

خیال رہے کہ سری نگر کی جامع مسجد نماز جمعہ کے بعد بھارت مخالف مظاہروں کا مرکز رہی ہے۔

بھارتی حکام نماز جمعہ کے بعد عوام کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جیسی وہ عموماً بھارت مخالف مظاہروں کے دوران رکھتے ہیں۔

دوسری جانب پیر (12 اگست ) کو عیدالاضحیٰ کے موقع پر کرفیو کے تحت عائد پابندیوں میں مزید نرمی کا امکان ہے۔

گزشتہ روز بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے قوم سے خطاب میں مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی حکومت سنجیدہ کوششیں کررہی ہے کہ عید کے موقع پر عوام کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔

بھارتی حکومت نے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرتے ہوئے آئین کے آرٹیکل 370 کو منسوخ کردیا تھا، جس کے ساتھ ہی جنوبی ایشیا میں ایک کشیدگی کی لہر دوڑ گئی تھی۔

پاکستان کی جانب سے بھارت کے اس اقدام کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا گیا تھا اور قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھارت کے ساتھ دوطرفہ تجارت معطل اور سفارتی تعلقات محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: 'دنیا منتظر ہے مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھے گا تو کیا ہوگا؟'

اس کے بعد پاکستان نے بھارت کے ہائی کمشنر اجے بساریہ کو ملک سے واپس جانے کی ہدایت کردی تھی جبکہ اپنا ہائی کمشنر نئی دہلی نہ بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔

یہی نہیں بلکہ موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے پاکستان اور بھارت کے درمیان چلنے والی سمجھوتہ ایکسپریس کو بھی بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

خیال رہے کہ مقبوضہ وادی میں گزشتہ کئی روز سے کرفیو نافذ ہے جبکہ انٹرنیٹ اور ٹیلی فون سروس سمیت تمام مواصلاتی نظام بھی معطل ہے۔

تاہم ان پابندیوں کے باوجود کشمیریوں نے بھارتی اقدام کے خلاف احتجاج کیا تھا، جن پر بھارتی فورسز نے فائرنگ کرکے 6 کشمیریوں کو شہید اور 100 سے زائد کو زخمی کردیا تھا، اس کے علاوہ قابض بھارتی فورسز نے وادی سے 500 سے زائد حریت رہنماؤں اور کارکنان کو گرفتار بھی کرلیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 30 ستمبر 2024
کارٹون : 28 ستمبر 2024