انگلینڈ 146 رنز پر ڈھیر، پہلے ایشز ٹیسٹ میں آسٹریلیا کامیاب
نیتھن لائن اور پیٹ کمنز کی شاندار باؤلنگ کی بدولت آسٹریلیا نے انگلینڈ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 251 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی ایشز سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔
برمنگھم میں کھیلے جا رہے میچ میں آسٹریلیا نے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا تو پہلی اننگز میں 122رنز پر اس کے 8 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے۔
لیکن اس مرحلے پر بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے باعث ڈیرھ سال بعد پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے والے اسٹیون اسمتھ نے ٹیسٹ کرکٹ میں یادگار انداز میں واپسی کرتے ہوئے 144رنز کی اننگز کھیلی، جس کی بدولت آسٹریلیا کی ٹیم پہلی اننگز میں 284 رنز بنانے میں کامیاب رہی تھی۔
جواب میں رورے برنز کی سنچری اور کپتان جو روٹ اور بین اسٹوکس کی نصف سنچریوں کی بدولت انگلینڈ کی ٹیم 374رنز بنانے میں کامیاب رہی اور پہلی اننگز میں 90رنز کی برتری حاصل کی۔
میچ کی دوسری اننگز میں بھی آسٹریلین ٹیم 75رنز پر تین ابتدائی بلے باز گنوا چکی تھی لیکن ایک مرتبہ پھر اسمتھ انگلش ٹیم کی راہ میں حائل ہو گئے۔
انہوں نے پہلے 51 رنز بنانے والے ٹریوس ہیڈ کے ساتھ 130رنز جوڑے اور پھر میتھیو ویڈ کے ساتھ 126رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کے بڑے اسکور کی راہ ہموار کی۔
اسمتھ نے دوسری اننگز میں بھی 142رنز بنائے جبکہ ویڈ نے 110 اور جیمز پیٹنسن نے 47 رنز بنائے۔
آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز 487رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی اور انگلینڈ کو فتح کے لیے 398 رنز کا ہدف دیا۔
میچ کے پانچویں روز انگلینڈ نے 13رنز بغیر کسی نقصان کے اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو 19 کے مجموعی اسکور پر پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے برنز اس مربتہ بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور پیٹ کمنز کی وکٹ بن گئے۔
اس کے بعد جیسن روئے اور کپتان جو روٹ نے اسکور 60تک پہنچایا لیکن 28 کے انفرادی اسکور پر لائن نے روئے کی وکٹیں بکھیر دیں۔
اسکور 80 تک ہی پہنچا تھا کہ جو ڈینلی بھی لائن کی وکٹ بن گئے جبکہ آف اسپنر نے مزید پانچ رن کے اضافے سے انگلش کپتان کی بھی 28رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔
اگلے اوور میں پیٹ کمنز نے جوز بٹلر کا کام تمام کیا جبکہ جونی بیئراسٹو اور بین اسٹوکس 97 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹے، انگلش ٹیم 7 وکٹیں گنوا چکی تھی اور اس کی شکست واضح تھی۔
معین علی اور کرسس ووکس نے وکٹیں گرنے کے سلسلے کو کچھ دیر کے لیے روک دیا لیکن 136 کے مجموعی اسکور پر لائن نے معین علی کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو آٹھویں کامیابی دلائی اور پھر اگلی ہی گیند پر اسٹورٹ براڈ کو بھی اسمتھ کی مدد سے قابو کر لیا۔
146 کے مجموعی اسکور پر پیٹ کمنز نے کرس ووکس کی 37رنز کی اننگز کا خاتمہ کر کے اپنی ٹیم کو میچ میں فتح سے ہمکنار کردیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے لائن نے 6 اور کمنز نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
آسٹریلیا نے میچ میں 251 رنز سے فتح حاصل کر کے پانچ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔
میچ کی دونوں اننگز میں سنچری بنانے والے اسٹیون اسمتھ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔