• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm

کراچی: مویشی منڈی میں پانی بھر جانے سے جانوروں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ

شائع July 31, 2019
کراچی میں گزشتہ دو روز کے دوران شدید بارشوں سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے تھے۔ — فائل فوٹو: ٹوئٹر
کراچی میں گزشتہ دو روز کے دوران شدید بارشوں سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے تھے۔ — فائل فوٹو: ٹوئٹر

مون سون کی حالیہ بارشوں کی پیش نظر مویشی منڈی میں پانی بھرجانے سے جانوروں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

کراچی پولیس میڈیا سیل کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق سہراب گوٹھ میں مویشی منڈی کے بلاک 3 اور 7 میں پانی بڑی مقدار میں بھرگیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مویشی منڈی میں پانی بھر جانے کی صورت میں وہاں موجود مویشیوں کو بھی خطرہ ہے۔

مزید پڑھیں: سندھ میں بارش، کراچی میں بجلی کا نظام درہم برہم، 16 افراد جاں بحق

علاوہ ازیں سہراب گوٹھ منڈی سے قریب واقع سعدی ٹاؤن سے متصل پانی کا بند ٹوٹ جانے کی وجہ سے وہاں سے پانی کا ریلا بھی سہراب گوٹھ مویشی منڈی میں داخل ہورہا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق مقامی پولیس کے ساتھ ساتھ پاک آرمی کے جوان بھی موقع پر موجود ہیں اور امدادی کارروائی میں مصروف ہیں۔

کراچی میں دو روز جاری رہنے والی بارش کے باعث مویشی منڈی بھی بہت متاثر ہوئی، وہاں نکاسی آب کا نظام نہ ہونے کی وجہ سے کیچڑ اور جگہ جگہ پانی جمع ہوگیا جس کے باعث خریداروں اور مویشی بیچنے والوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

خیال رہے کہ کراچی سمیت پورے سندھ میں گزشتہ 2 روز سے مون سون کی پہلی بارشیں جاری ہیں جن کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں دوسرے روز بھی بارش، نظام زندگی درہم برہم

کراچی میں 29 جولائی کو پورے دن جاری رہنے والی بارش کے باعث بجلی کا نظام بری طرح درہم برہم ہوگیا تھا اور متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے تھے جبکہ کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود چند علاقوں میں شہریوں کو بجلی کے تعطل کا سامنا ہے۔

علاوہ ازیں بارش کے باعث کرنٹ لگنے سمیت مختلف واقعات میں 17 شہری جاں بحق ہوئے، جبکہ کئی املاک کو نقصان بھی پہنچا۔

مون سون سیزن کے پیشِ نظر کے-الیکٹرک نے شہریوں کے لیے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کا انتباہ جاری کر رکھا تھا جس میں بارش کے دوران گیلے ہاتھوں سے برقی آلات نہ چھونے، بجلی کے کھمبے، درختوں یا پی ایم ٹی کے قریب نہ جانے جبکہ بچوں کو بجلی کے ساکٹ سے دور رکھنے کی ہدایت کی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024