• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

شان شاہد بولی وڈ کنگ شاہ رخ سے ناراض، وجہ 'دی لائن کنگ'

شائع July 15, 2019
فلم رواں ماہ 19 تاریخ کو ریلیز ہوگی —فوٹو/ اسکرین شاٹ
فلم رواں ماہ 19 تاریخ کو ریلیز ہوگی —فوٹو/ اسکرین شاٹ

پاکستان کے نامور اداکار شان شاہد بولی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان پر کافی غصہ ہورہے ہیں اور انہوں نے اپنی ناراضی کا اظہار سوشل میڈیا پر کیا۔

شان شاہد ڈزنی کی مقبول کارٹون فلم 'دی لائن کنگ' کے جلد ریلیز ہونے والے لائیو ایکشن ریمیک کے لیے بولی وڈ اداکار کی جانب سے کیے وائس اوور کی وجہ سے خفا ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ڈزنی نے اعلان کیا تھا کہ لائن کنگ کے ایکشن ریمیک کے لیے فلم کے کردار 'مفاسا' کو شاہ رخ خان اپنی آواز دیں گے، جبکہ 'سمبا' کے کردار کو شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کی آواز دی جائے گی۔

جس کے بعد چند روز قبل شاہ رخ خان اور ان کے بیٹے کی جانب سے دیے وائس اوورز کے پہلے ٹیزرز بھی ریلیز کردیے گئے۔

مزید پڑھیں: ’دی لائن کنگ‘ کی زبردست انداز میں واپسی

البتہ شان شاہد کو ڈزنی کی یادگار فلم کے لیے یہ ہندی ڈبنگ بالکل پسند نہیں آئی۔

اداکار نے اپنے سوشل میڈیا پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ 'برائے مہربانی ایک یادگار فلم کو ایسی ہندی ڈبنگ دے کر تباہ نہ کریں، شاہ رخ خان کی آواز میں کوئی فرق نہیں، یہ بالکل ویسی ہی وائس اوور ہے جیسی وہ اپنی دیگر فلموں کے لیے دیتے ہیں، کم از کم ایک شیر کو آواز دینے کے لیے اپنی آواز کے تاثر کو تو تبدیل کرلیتے'۔

واضح رہے کہ 1994 کی کارٹون فلم 'دی لائن کنگ' میں مفاسا کے کردار کو ہولی وڈ اداکار جیمز ارل جونس نے اپنی آواز دی تھی، جو آج بھی مداحوں میں اتنی ہی مقبول ہے، جبکہ سمبا کے کردار کو اداکار میتھیو بروڈرک نے اپنی آواز دی۔

شان نے اس حوالے سے ایک اور ٹویٹ میں لکھا کہ 'جیمز ارل جونس یقیناً مذاق اڑا رہے ہوں گے، شاہ رخ خان جو بات سمجھنے میں ناکام رہے وہ یہ کہ لائن کنگ کے کرداروں کو ڈبنگ آرٹسٹ کے چہرے کے تاثرات کے حساب سے تیار کیا گیا، اگر آپ سمبا کو دیکھیں تو آپ کو اداکار میتھیو بروڈرک نظر آئیں گے'۔

یاد رہے کہ دی لائن کنگ جنگل کے راجا ایک شیر اور اس کے بیٹے کی کہانی ہے۔

فلم رواں سال 19 جولائی کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024