مورگن کی ورلڈ کپ فائنل مختصر اسکور تک محدود مگر مشکل ہونے کی پیش گوئی
انگلینڈ کو 27 برس بعد ورلڈ کپ کے فائنل تک پہنچانے والے کپتان آئن مورگن نے نیوزی لینڈ کے خلاف فائنل کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ ایک مختصر اسکورنگ میچ ہوگا لیکن سنسنی خیز ہوگا۔
لارڈز میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مورگن نے نیوزی لینڈ ٹیم کو خطرناک قرار دیا اور سابق کپتان برینڈن میک کولم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم قریبی دوست ہیں اور انہوں نے مجھے قیادت کے حوالے سے بہت سکھایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘2015 کے ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ نے جس طرح کھیلا تھا میرے خیال میں انہوں نے یہ ثابت کردیا کہ وہ اعلیٰ سطح پر کارکردگی دکھا سکتے ہیں اور خود کو اعلیٰ پوزیشن پر لے جاسکتے ہیں’۔
مورگن نے لارڈز میں کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کے تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ‘اس گراؤنڈ پر کبھی بھی بڑا اسکور نہیں ہوا اس لیے میں کہوں گا کہ کل کا میچ بھی بڑے اسکور والا میچ نہیں ہوگا’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘میں سمجھتا ہوں کہ یہ ایک جنگ کا سماں ہوگا’۔
مزید پڑھیں:2019ء ورلڈ کپ فائنل: کیوی باؤلنگ کا انگلش بیٹنگ سے سخت مقابلہ متوقع
خیال رہے کہ ورلڈ کپ کے فائنل میں کوئی بھی ٹیم سوائے آسٹریلیا کے کبھی بھی 300 رنز کا ہندسہ عبور نہیں کرپائی، آسٹریلیا نے 2003 کے ورلڈ کپ فائنل میں بھارت کے خلاف مقررہ اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 359 رنز بنا کر عالمی چمپیئن کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
آسٹریلیا کی ٹیم 2003 کے ورلڈ کپ فائنل میں ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کر رہی تھی اور بورڈ پر ایک بڑا سکور سجانے میں کامیاب ہوئی تھی۔
رواں ورلڈ کپ کی بات کی جائے تو ایک موقع پر 400 رنز یا 500 رنز کی بھی پیش گوئی کی گئی تھی جبکہ ٹورنامنٹ کے ابتدائی میچوں میں ٹیموں کی جانب سے بڑے اسکور کیے جارہے تھے۔
انگلینڈ نے 18 جون کو مانچسٹر میں افغانستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مورگن کے 148 رنز کی اننگز کی بدولت 6 وکٹوں پر 397 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا تھا۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ اور افغانستان دو ایسی ٹیمیں ہیں جو پورے ورلڈ کپ میں اب تک 300 رنز کا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہیں ہیں لیکن اپنے بہترین کھیل سے حریف ٹیموں کو مشکلات سے دوچار کردیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:سیمی فائنل میں متنازع فیصلے کے باوجود دھرماسینا فائنل کیلئے امپائر برقرار
نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل میں 239 رنز کے ایک مختصر ہدف کا دفاع کرتے ہوئے بھارت کو شکست دی تھی اور فائنل میں جگہ بنائی۔
مورگن نے نیوزی لینڈ کی بیٹنگ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘وہ گزشتہ دو یا تین برس کے مقابلے میں کم اسکور کر رہے ہیں لیکن اس کے دفاع کے لیے سخت محنت کرنا پڑتی ہے اور نیوزی لینڈ کی ٹیم شان دار انداز میں اس سے نمٹتی رہی ہے’۔
ورلڈ کپ فائنل میچ میں دباؤ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ زندگی کے سب سے بڑے میچ کے لیے وہ پرسکون ہیں، فائنل میں جیت کی صورت میں وہ انگلینڈ کے پہلے کپتان ہوں گے جو ورلڈ کپ ٹرافی اٹھائیں گے، تاہم انہوں نے کہا کہ ‘میں نے خود کو ٹرافی تھامنے کے حوالے سے سوچنے کی اجازت نہیں دی’۔
خیال رہے کہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں رواں ورلڈ کپ میں 3 جولائی کو مدمقابل آئی تھیں لیکن انگلینڈ نے یک طرفہ مقابلے کے بعد 119 رنز سے یہ میچ جیت لیا تھا۔