• KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am
  • KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am

حنا الطاف کو منیب بٹ پر تنقید مہنگی پڑ گئی

شائع July 13, 2019
حنا الطاف کی تنقید کے بعد ایمن خان سمیت دیگر اداکاروں نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا—فوٹو: فیس بک
حنا الطاف کی تنقید کے بعد ایمن خان سمیت دیگر اداکاروں نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا—فوٹو: فیس بک

اداکارہ وماڈل حنا الطاف نے حال ہی میں ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’بنجی‘ کے ایک شو میں ساتھی اداکار منیب بٹ کو ایک ایسا اداکار قرار دیا تھا جسے اداکاری نہیں آتی، تاہم وہ بھرپور اداکاری کے بھرم دیتے ہیں۔

حنا الطاف کی جانب سے منیب بٹ کے لیے کہے جانے والے یہ الفاظ انہیں مہنگے پڑ گئے اور اداکارہ کو شوبز شخصیات اور منیب بٹ کی اہلیہ اور سالی نے کھری کھری سنادیں۔

ہوا، کچھ یوں کہ حنا الطاف ’بنجی‘ کے شو ’ٹو بی آنیسٹ‘ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے شوبز انڈسٹری سمیت اپنی پیشہ ورانہ زندگی پر کھل کر بات کی۔

پروگرام میں حنا الطاف نے شوبز شخصیات پر سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید پر بھی بات کی اور کہا کہ بعض اوقات انہیں لباس اور بولنے کے انداز پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

’بنجی‘ کی جانب سے اسی پروگرام کی فیس بک پر شیئر کی جانے والی ویڈیو میں حنا الطاف اور پروگرام کے میزبان تابش ہاشمی کو مختلف موضوعات پر بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

پروگرام میں ریپڈ فائر سلسلے میں میزبان تابش ہاشمی کی جانب سے اداکارہ سے سوال کیا گیا کہ وہ کون سا اداکار ہے جسے اداکاری نہیں آتی، لیکن وہ بھرم پورے 100 روپے کے دیتا ہے؟

حنا الطاف نے میزبان کے سوال پر مسکراتے ہوئے کہا کہ ’انہیں لگتا ہے کہ وہ منیب بٹ ہیں‘۔

اداکارہ کے جواب میں تابش ہاشمی منیب بٹ کا نام گوگل پر سرچ کرنے لگتے ہیں، جس پر اداکارہ نے انہیں غصے میں کہا کہ وہ منیب بٹ کو نہیں جانتے؟ جس پر میزبان نے جواب دیا کہ وہ زیادہ ٹی وی نہیں دیکھتے، اس لیے انہیں ان کا پتہ نہیں۔

میزبان کی لاعلمی پر حنا الطاف نے انہیں بتایا کہ وہی ہیش ٹیگ اینیب والے‘ اور ساتھ ہی شکوہ کیا کہ منیب بٹ نے انہیں اپنی شادی پر بھی نہیں بلایا۔

حنا الطاف کی جانب سے ہیش ٹیگ اینیب کی یاد دہانی کرائے جانے کے بعد میزبان کو فوری طور پر منیب بٹ اور ان کی شادی آگئی اور کہنے لگے، وہی جن کی اہلیہ نے شادی کے اگلے دن مہندی سے ہاتھ پر لکھا تھا ’جہیز خوری بند کرو‘۔

حنا الطاف کی جانب سے منیب بٹ پر تنقید کیے جانے کے بعد انہیں اداکار کی اہلیہ اور سالی کے ساتھ ساتھ دیگر شوبز شخصیات نے بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کسی بھی اداکار کو ساتھی اداکار کے لیے ایسے نامناسب الفاظ استعمال نہیں کرنے چاہئیں۔

سب سے پہلے منیب بٹ کی اہلیہ اداکارہ ایمن خان نے حنا الطاف کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ساتھ ہی انہوں نے اداکارہ و میزبان کو جاہل بھی قرار دیا۔

ایمن خان نے اپنی فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ ان لوگوں کو شرم آنی چاہیے جو اپنے ساتھی اداکاروں کا تمسخر اڑاتے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے اپنی پوسٹ میں ’حسد نہ کر‘ کے ہیش ٹیگ کا بھی استعمال کیا۔

منیب بٹ نے خود تاحال کوئی جواب نہیں دیا—فوٹو: ایمن خان انسٹاگرام
منیب بٹ نے خود تاحال کوئی جواب نہیں دیا—فوٹو: ایمن خان انسٹاگرام

ایمن خان کے بعد ان کی بہن منال خان نے بھی حنا الطاف کے بیان پر فیس بک اسٹیٹس میں میزبان سمیت اداکارہ کو آڑے ہاتھوں لیا اور سوال کیا کہ ہم ایک دوسرے سے اتنے جلتے کیوں ہیں؟

ان کے علاوہ اداکارہ ہانیہ عامر نے بھی حنا الطاف کو آڑے ہاتھوں لیا اور اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ تنقید برائے اصلاح اچھی بات ہے، تاہم کسی کی شخصیت کو فضول میں تنقید کا نشانہ بنانا درست عمل نہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ خاص طور پر عوام کے سامنے کسی بھی شخصیت کے خلاف بات کرنا کسی کے بھی فائدے میں نہیں ہوتا، اس لیے عوامی مقامات پر ایسے بحث سے اجتناب کریں۔

علاوہ ازیں اداکارہ فائزہ خان نے بھی حنا الطاف کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ساتھ ہی انہوں نے منیب بٹ کی تعریف بھی کی۔

حنا الطاف نے بھی اپنے بیان پر تاحال وضاحت نہیں کی—فوٹو: حنا الطاف انسٹاگرام
حنا الطاف نے بھی اپنے بیان پر تاحال وضاحت نہیں کی—فوٹو: حنا الطاف انسٹاگرام

فائزہ خان کا ٹوئیٹ میں کہنا تھا کہ اپنے ساتھ فنکاروں کے فن کا مذاق اڑانا کوئی اچھی بات نہیں۔

اداکارہ نے منیب بٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ان کے ساتھ کام کیا ہے، وہ انتہائی بہترین اداکار ہیں اور ان کی اداکاری کی تعریف پڑوسی ملک کے اداکاروں نے بھی کی ہے۔

حنا الطاف کی جانب سے تنقید کیے جانے پر تاحال خود منیب بٹ نے کوئی جواب نہیں دیا اور نہ ہی حنا الطاف نے اپنے بیان پر مزید کوئی وضاحت کی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024