• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
KandNs Publishing Partner

ہم نے 45 منٹ کی بُری کرکٹ کی قیمت ادا کی، ویرات کوہلی

شائع July 10, 2019 اپ ڈیٹ July 12, 2019
نیوزی لینڈ کی ٹیم بہت زیادہ شاباشی کی حقدار ہے، ویرات کوہلی — فوٹو: اے ایف پی
نیوزی لینڈ کی ٹیم بہت زیادہ شاباشی کی حقدار ہے، ویرات کوہلی — فوٹو: اے ایف پی

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویران کوہلی نے تسلیم کیا کہ ان کی ٹیم نے 45 منٹ کی بُری کرکٹ کی قیمت ادا کی اور ورلڈ کپ سے باہر ہوگئی۔

اولڈ ٹریفوڑد میں کھیلے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 18 رنز سے شکست دی تھی۔

240 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دو بار کا عالمی چیمپئن بھارت شروعات سے مشکلات کا شکار رہا اور پوری ٹیم 221 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

میچ کے بعد ویرات کوہلی نے صحافیوں کو بتایا کہ 'ہم نے پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کرکٹ کھیلی، اس لیے صرف 45 منٹ کی بری کرکٹ کی وجہ سے میگا ایونٹ سے باہر ہوجانا افسوس کی بات ہے۔'

انہوں نے کہا کہ 'اس سے آپ کا دل بھی دُکھی ہوتا ہے کیونکہ آپ نے بہترین کھیل پیش کرنے کے لیے پورے ٹورنامنٹ میں بہت محنت کی ہو، آپ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر رہے اور پھر توڑی دیر کی بری کرکٹ سے آپ ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔'

بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ 'نیوزی لینڈ کی ٹیم بہت زیادہ شاباشی کی حقدار ہے کیونکہ انہوں نے بھرپور انداز میں یہ دکھایا کہ نئی بال سے کیسے باؤلنگ کی جاتی ہے، انہوں نے بہترین لائن اور لینتھ پر باؤلنگ کی اور ہمیں غلطیاں کرنے پر مجبور کیا۔'

مزید پڑھیں: کیا آپ جانتے ہیں کہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں کتنے میچز ریزرو ڈے پر کھیلے گئے؟

ان کا کہنا تھا کہ 'آج صبح ہمیں فیلڈ میں جس چیز کی ضرورت تھی ہمیں وہ حاصل ہوا اور ہم نے سوچا کہ ہم نے نیوزی لینڈ کو اتنے مجموعے تک محدود کردیا ہے جس کا کسی بھی طرح کی پِچ پر تعاقب کیا جاسکتا ہے، لیکن پہلے نصف گھنٹے میں انہوں نے جس طرح باؤلنگ کی اس نے کھیل میں فرق واضح کردیا۔

'ہم دکھی ہیں مگر برباد نہیں ہوئے'

ویرات کوہلی نے کہا کہ 'ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد ہم دُکھی ضرور ہیں لیکن برباد نہیں ہوئے، کیونکہ اس ٹورنامنٹ میں ہم نے جس طرح کی کرکٹ کھیلی ہم جانتے ہیں کہ بطور ٹیم ہم کہاں کھڑے ہیں۔'

انہوں نے کہا کہ 'آج ہم نے زیادہ اچھی کرکٹ نہیں کھیلی، یہ اس ٹورنامنٹ کی نوعیت ہے، اس مرحلے پر ایک بُرا دن آپ کو ایونٹ سے باہر کر دیتا ہے۔'

واضح رہے کہ 92 رنز پر 6 کھلاڑیوں کے پویلین لوٹنے کے بعد بھارت پر شکست کے سائے واضح ہوتے جارہے تھے، لیکن مہندرا سنگھ دھونی اور رویندرا جدیجا کے درمیان 116 رنز کی شراکت نے بھارت کے فائنل تک رسائی کے امکانات روشن کر دیئے تھے، جبکہ جدیجا نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری بھی بنائی۔

جدیجا کے آؤٹ ہونے کے کچھ ہی دیر بعد 50 رنز بنانے والے دھونی بھی رن آؤٹ ہوئے جس کے بعد بھارت کی کامیابی کی امیدیں پوری طرح ماند پڑ گئیں۔

بھارت کی پوری ٹیم آخری اوور میں 221 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد سیمی فائنل میں 18 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024