• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
KandNs Publishing Partner

بھارت اور نیوزی لینڈ کا پہلا سیمی فائنل بارش کے باعث کل تک کیلئے ملتوی

شائع July 9, 2019 اپ ڈیٹ July 10, 2019
بارش کے سبب کھیل روکے جانے کے بعد نیوزی لینڈ کے کھلاڑی پویلین واپس لوٹ رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
بارش کے سبب کھیل روکے جانے کے بعد نیوزی لینڈ کے کھلاڑی پویلین واپس لوٹ رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان جاری ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل مسلسل بارش کے باعث کل تک ملتوی کردیا گیا ہے اور کل میچ دوبارہ شروع ہونے کی صورت میں نیوزی لینڈ اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کرے گا۔

مانچسٹر میں ابرآلود موسم میں کھیلے جا رہے عالمی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کچھ اچھا ثابت ہوتا نظر نہیں آیا۔

ورلڈ کپ میں مارٹن گپٹل کی ناکامیوں کا سلسلہ جاری رہا اور یہ میچ بھی ان کے لیے ڈراؤنے خواب سے کم نہ تھا جہاں وہ صرف ایک رن بنا کر جسپریت بمراہ کو وکٹ دے بیٹھے۔

اس کے بعد ہنری نکولس اور کپتان کین ولیمسن نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 68رنز کی شراکت قائم کی تاہم رویندرا جدیجا نے 28رنز بنانے والے نکولس کی وکٹیں بکھیر کر نیوزی کو دوسرا نقصان پہنچایا۔

ولیمسن کا ساتھ دینے تجربہ کار روس ٹیلر آئے اور دونوں نے 65رنز کی اہم شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کردیا البتہ اس دوران بڑھتے ہوئے رن ریٹ کے سبب نیوزی لینڈ کے بلے باز واضح طور پر دباؤ میں نظر آئے اور اسی کے نتیجے میں ولیمسن وکٹ گنوا بیٹھے، انہوں نے 67رنز کی اننگز کھیلی۔

اس موقع پر اسکور میں تیزی سے اضافے کے لیے جمی نیشام اور پھر کولن ڈی گرینڈ ہوم کو بھیجا گیا لیکن دونوں ہی بلے باز ناکامی سے دوچار ہوئے۔

ابھی 46.1 اوورز کا کھیل ہی مکمل ہوا تھا کہ میچ میں ابرش نے مداخلت کردی اور امپائرز نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو پویلین واپسی کا حکم دیا۔

نیوزی لینڈ نے اب تک پانچ وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے ہیں ، روس ٹیلر 67رنز کے ساتھ ناقابل شکست ہیں۔

بارش شروع ہونے کے بعد امپائرز نے وقتاً فوقتاً میدان کا معائنہ کیا لیکن مسلسل بارش کے سبب کھیل ممکن نہ ہو سکا۔

ساڑھے 4 گھنٹے مسلسل بارش کے بعد امپائرز نے آج کے دن کھیل ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا اور کل دوبارہ سے دونوں ٹیمیں میدان میں اتریں گی تو نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی اننگز کا دوبارہ 211 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے آغاز کرے گی۔

واضح رہے کہ بارش کی مداخلت کو مدنظر ورلڈ کپ کے سیمی فائنل اور فائنل مقابلوں کے لیے ریزرو ڈے رکھا گیا ہے۔

کل بھی بارش نہ رکی تو کیا ہو گا؟

اگر بارش کے سبب نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان میچ 2 گھنٹے تک شروع نہ ہوا تو میچ میں اوورز کی کٹوتی شروع ہو جائے گی اور ایسے میں بھارتی ٹیم کا نقصان ہو گا۔

اگر بارش کے سبب نیوزی لینڈ کی ٹیم میچ میں دوبارہ بیٹنگ نہ کر سکی تو بھارتی ٹیم کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت میچ میں فتح کے لیے 237رنز کا ہدف ملا تھا۔

اگر میچ کو بارش کے سبب 20اوورز تک محدود کردیا گیا تو بھارتی ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو جائے گا اور بھارتی ٹیم کو میچ میں فتح کے لیے 20اوورز میں 148رنز کا ہدف دیا جائے گا اور وکٹ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے بارش کے سبب اس پر رنز اسکور کرنا بہت مشکل ہو جائے گا۔

میچ 40اوورز تک محدود ہوا تو بھارت کو 223رنز بنا نا ہوں گے جبکہ 35اوورز تک محدود کیے جانے پر بھارت کا ہدف 209رنز ہوں گے۔

بھارت کو 30اوورز تک محدود اوورز کیے جانے پر میچ میں 192رنز کے ہدف کا تعاقب کرنا ہو گا جبکہ 25اوورز میں ہدف 172رنز ہو گا۔

اگر بارش کے سبب آج 20اوورز کا کھیل بھی ممکن نہ ہو سکا تو بھارتی ٹیم کو کل ریزرو ڈے پر مقررہ ہدف حاصل کرنا ہو گا۔

تاہم اگر ریزرو ڈے پر بھی کھیل ممکن نہ ہو سکا تو راؤنڈ مرحلے میں بہتر کارکردگی کی بنیاد پر بھارتی ٹیم فائنل کے لیے کوالیفائی کر لے گی۔

دونوں ٹیموں میں ایک ایک تبدیلی

اس سے قبل میچ کے لیے دونوں ٹیموں کی جانب سے ایک ایک تبدیلی کی گئی ہے۔

بھارتی ٹیم نے کلدیپ یادو کی جگہ یوزویندر چہل کو شامل کیا ہے جبکہ نیوزی لینڈ میں ٹم ساؤتھی کی جگہ لوکی فرگیوسن کی واپسی ہوئی ہے۔

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے ساز گار ہے اور ان کی ٹیم اس سے ہم آہنگ بھی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب راؤنڈ رابن کا اختتام ہوتا ہے اور آپ ناک آؤٹ مرحلے میں داخل ہوتے ہو تو یہ آپ کے لیے نیا آغاز ہوتا ہے۔

بھارتی کپتان ویرات کوہلی بھی وکٹ کے حوالے سے ملا جلا رد عمل دیتے ہوئے نظر آئے اور وکٹ کو بیٹنگ کے لیے ساز گار قرار دے دیا۔

خیال رہے کہ ورلڈکپ کے پہلے مرحلے کے اختتام پر بھارتی ٹیم پہلے جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم چوتھے نمبر پر رہی تھی۔

سیمی فائنل کے لیے بھارتی ٹیم کپتان ویرات کوہلی، روہیت شرما، لوکیش راہل، ریشابھ پنٹ، مہیندرسنگھ دھونی، دنیش کارتھک، ہاردیک پانڈیا، رویندر جاڈیجا، بھونیشور کمار، یوزویندر چہل اور جسپریت بمرا پر مشتمل ہے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کپتان کین ولیمسن، مارٹن گپٹل، ہینری نکولس، راس ٹیلر، ٹام لیتھم، جمی نشام، کولن ڈی گرینڈ ہوم، مچل سینٹنر، میٹ ہینری، لوکی فرگیسن اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024