• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
KandNs Publishing Partner

آپ کے خیال میں ورلڈ کپ کا بہترین کیچ کس نے لیا؟

شائع July 9, 2019 اپ ڈیٹ July 11, 2019
جنوبی افریقہ کے خلاف ورلڈ کپ کے افتتاح میچ میں ہی بین اسٹوکس نے ناقابل یقین کیچ لیا— فوٹو: اے ایف پی
جنوبی افریقہ کے خلاف ورلڈ کپ کے افتتاح میچ میں ہی بین اسٹوکس نے ناقابل یقین کیچ لیا— فوٹو: اے ایف پی

ورلڈ کپ 2019 اختتامی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور چند دنوں میں دنیائے کرکٹ کو عالمی چیمپیئن مل جائے گا لیکن ورلڈکپ کے اختتام کے باوجود اس کے یادگار لمحات ایک عرصے تک شائقین کرکٹ کو یاد رہیں گے۔

ایک ماہ سے زائد عرصے سے جاری اس ورلڈ کپ کے دوران کئی یادگار لمحات آئے جو شائقین کرکٹ کے ذہنوں پر نقوش چھوڑ گئے اور ان ہی میں سے چند اس عالمی کپ کے دوران لیے گئے ناقابل فراموش کیچز ہیں جس پر دنیا بھر کے شائقین دنگ رہ گئے۔

اس ورلڈکپ کے دوران کئی شاندار کیچز لیے گئے جن میں سے چند سرفہرست کیچوں کی بات کی جائے تو عالمی کپ کے پہلے ہی میچ میں میزبان انگلینڈ کے بین اسٹوکس نے جنوبی افریقہ بلے باز کوئنٹن ڈی کوک کا شاندار کیچ لے کر سب کو حیران کردیا۔

عمران طاہر نے امام الحق کا بہترین کیچ لیا— فوٹو: اے پی
عمران طاہر نے امام الحق کا بہترین کیچ لیا— فوٹو: اے پی

اس کیچ کی خاص بات یہ تھی کہ انگلش آل راؤنڈر نے محض ایک ہاتھ گیند کو پکڑنے کے لیے استعمال کیا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان میچ میں امام الحق کی جانب سے کھیلا گیا شاٹ شاید کسی اور ٹیم کے خلاف کھیلا گیا ہوتا تو چوکا ہو جاتا لیکن کرس ووکس نے شاندار کاوش کے ذریعے بہترین کیچ لے کر پاکستانی بلے باز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم ورلڈ کپ میں کچھ خاص کارکردگی نہ دکھا سکی لیکن اپنی بہترین فیلڈنگ کے لیے دنیا بھر میں مشہور افریقی ٹیم نے اس شعبے میں شائقین کو زیادہ مایوس نہ کیا اور بھارت کے خلاف وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک نے ویرات کوہلی کا شاندار کیچ لے کر ہر خاص و عام سے داد وصول کی۔

اسی طرح پاکستان کے خلاف میچ میں عمران طاہر نے اپنی ہی گیند پر ایک بہترین کیچ لیا اور اس مرتبہ بھی بدقسمت بلے باز امام الحق ہی تھے۔

ویسٹ انڈین ٹیم کی کارکردگی بھی جنوبی افریقہ سے کچھ مختلف نہ تھی لیکن ایونٹ میں سب سے لمبے چھکے لگانے کے ساتھ ساتھ ویسٹ انڈین کھلاڑیوں نے چند شاندار کیچ بھی لیے جن میں شیلڈن کوٹریل کا کیچ سرفہرست ہے۔

آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیون اسمتھ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف عمدہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا اور وہ سنچری کی جانب گامزن تھے لیکن ان کی جانب سے مارا گیا ایک شاٹ حیران کن طور پر اننگز کا خاتمہ کر گیا۔

اگر اس وقت کوٹریل کے علاوہ کوئی اور کھلاڑی وہاں موجود ہوتا تو شاید یہ باآسانی چھکا ہو جاتا لیکن ویسٹ انڈین باؤلر نے باؤنڈری پر بھاگتے ہوئے ایک ہاتھ سے کیچ پکڑ کر اسمتھ کو پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔

مارٹن گپٹل اس ورلڈ کپ میں انتہائی بری بیٹنگ فارم کا شکار ہیں اور آسٹریلیا کے خلاف میچ میں انہوں نے ابتدا ہی میں دو اہم کیچ گرا دیے لیکن پھر اس خراب فیلڈنگ کا ازالہ کرتے ہوئے ایک ناقابل یقین کیچ لے لیا۔

لوکی فرگیوسن کی گیند پر اسٹیون اسمتھ نے گیند کو باؤنڈری کی جانب پل کرنے کی کوشش کی لیکن شارٹ لیگ پر کھڑے گپٹل نے ناقابل یقین کیچ لے کر اسمتھ سمیت میدان میں موجود تمام افراد کو حیران کردیا۔

البتہ اسمتھ نے اس کیچ کا بدلہ لینے میں دیر نہ کی اور نیوزی لینڈ کی اننگز میں گپٹل کی طرح یکساں مہارت کا ثبوت دیتے ہوئے اسٹارک کی گیند پر ٹام لیتھم کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

اگر دنیا کے چند بہترین فیلڈرز کا ذکر کیا جائے تو بھارتی کھلاڑی رویندرا جدیجا کا نام فوری ذہن میں آتا ہے اور اس ورلڈ کپ میں مواقع نہ ملنے کے باوجود بھی وہ عالمی کپ اپنا نام امر کر گئے۔

میزبان انگلینڈ کے خلاف میچ میں جب جیسن روئے اور جونی بیئراسٹو کی شراکت توڑنے میں بھارتی باؤلرز بالکل بے بس نظر آتے تھے تو ایسے موقع پر جدیجا نے روئے کا شاندار کیچ لے کر اس شراکت کا خاتمہ کیا اور اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلائی۔

افغانستان اور ویسٹ انڈین کا میچ کچھ خاص اہمیت کا حامل نہ تھا کیونکہ دونوں ہی ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو چکی تھیں لیکن فیبیئن ایلن کے شاندار کیچ کی وجہ سے شائقین اس میچ کو بھی یاد رکھیں گے۔

پاکستان کی ٹیم ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی نہ کر سکی جس میں ناقص بیٹنگ کے ساتھ ساتھ خراب فیلڈنگ نے بھی اہم کردار ادا کیا اور قومی ٹیم کیچ ڈراپ کرنے میں سرفہرست رہی لیکن کپتان سرفراز احمد کی بدولت پاکستان کی ٹیم بھی بہترین کیچز کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی۔

نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر روس ٹیلر کے بلے کا باہری کنارہ لیتی ہوئی گیند سرفراز کے دائیں جانب سلپ کی طرف گئی لیکن قومی ٹیم کے کپتان نے بہترین چابکدستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ہاتھ سے کیچ پکڑ لیا۔

تبصرے (1) بند ہیں

عمران Jul 09, 2019 03:27pm
ساوتھ افریقن مورس کا کیچ سب سے بہتر تھا جو اس نے وارنر کا پکڑا تھا۔ AUSvSA@.

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024