• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
KandNs Publishing Partner

روہت شرما ایک ورلڈ کپ میں 4 سنچریاں بنانے والے دوسرے بلے باز

شائع July 2, 2019 اپ ڈیٹ July 5, 2019
روہت شرما نے بنگلہ دیش کے خلاف 104 رنز کی اننگز کھیلی—فوٹو: اے ایف پی
روہت شرما نے بنگلہ دیش کے خلاف 104 رنز کی اننگز کھیلی—فوٹو: اے ایف پی

بھارت کے بلے باز روہت شرما نے ورلڈ کپ 2019 میں اپنی شان دار کارکردگی کو جاری رکھتے ہوئے بنگلہ دیش کے خلاف 102 کی اننگز کھیل کر رواں ورلڈ کپ میں اپنی چوتھی سنچری مکمل کی۔

برمنگھم میں بنگلہ دیش کے خلاف ورلڈ کپ کے 40 ویں میچ میں روہت شرما نے 92 گیندوں کا سامنا کیا، 7 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد 104 رنز بنائے۔

روہت شرما نے ورلڈ کپ 2019 میں اب تک 7 میچ کھیلے اور مجموعی طور پر 4 سنچریاں بنائی ہیں۔

بھارت نے ورلڈ کپ 2019 میں اپنا سفر 5 جون کو ساؤتھمپٹن سے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ سے کیا تھا جس میں روہت شرما نے ناقابل شکست 122 رنز بنائے تھے اور ٹیم نے ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا تھا۔

آسٹریلیا کے خلاف دوسرے میچ میں اوول میں 9 جون کو 57 رنز بنا کر اپنی بہترین کارکردگی کا جاری رکھی۔

مزید پڑھیں:ورلڈکپ: روہت کی سنچری، بھارت کا بنگلہ دیش کو 315 رنز کا ہدف

ورلڈ کپ کا ایک سنسنی خیز میچ پاکستان اور بھارت روایتی حریف ٹیموں کے درمیان 16 جون کو مانچسٹر میں کھیلا گیا اور اس میچ میں بھی روہت شرما نے اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی تھی۔

پاکستان کے خلاف اہم میچ میں روہت شرما نے 140 رنز کی شان دار اننگز کھیلی تھی تاہم اگلے میچ میں افغانستان جیسی غیر معروف ٹیم کے خلاف صرف ایک رن بنا سکے تھے۔

روہت شرمار 27 جون کو ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں بھی 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے لیکن اگلے میچ میں انگلینڈ کے خلاف ایک اور سنچری بنائی جو ٹورنامنٹ میں ان کی تیسری سنچری تھی۔

خیال رہے کہ انگلینڈ نے بھارت کو اس اہم میچ میں شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے اپنی توقعات کو بحال رکھا تھا۔

روہت شرما نے اپنے بلے سے رنز اگلنے کا سلسلہ جاری رکھا اور بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں اوپنر راہول کے ساتھ مل کر ٹیم کو ایک بڑے اسکور بنانے کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کی اور سنچری بنائی۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت کو ورلڈ کپ میں پہلی شکست، انگلینڈ کی فتح

رواں ورلڈ کپ میں چوتھی سنچری کے ساتھ روہت شرما نے اب تک کھیلے گئے میچوں میں سب سے کامیاب بلے باز بننے کا بھی اعزاز حاصل کرلیا۔

بھارت کے مایہ ناز اوپنر نے اب تک 7 میچوں میں 90 سے زائد اوسط سے 544 رنز بنائے ہیں، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر 8 میچوں میں 516 رنز بنا کر دوسرے اور ایرون فنچ 8 میچوں میں 504 رنز بنا کر تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

یاد رہے کہ سری لنکا کے عظیم بلے باز کمار سنگاکارا نے ورلڈ کپ 2015 میں انفرادی طور پر 4 سنچریاں بناکر یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے بلے باز بن گئے تھے۔

قبل ازیں ایک ٹورنامنٹ میں کسی بھی بلے باز کی جانب سے سب سے زیادہ 3 سنچریاں بنانے کا ریکارڈ تھا۔

آسٹریلیا کے مارک وا نے 1996، بھارت کے سابق کپتان سارو گنگولی نے 2003 اور آسٹریلیا کے ہی سابق اوپنر میتھیو ہیڈن نے 2007 میں 3 سنچریاں بنائی تھیں۔

ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا اعزاز بھارت کے سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے جنہوں نے 6 سنچریاں بنائی ہیں۔

روہت شرما ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں گوکہ 5 سنچریوں کے ساتھ سنگاکارا اور آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ بھی دوسرے نمبر پر موجود ہیں لیکن انہوں نے بالترتیب 37 اور 46 میچز کھیل کر 5 سنچریاں بنائی ہیں۔

ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں پاکستان کے رمیض راجا اور سعید انور بھی شامل ہیں جنہوں نے 3،3 سنچریاں بنائی ہیں، عامر سہیل نے 2 سنچریاں بنائی تھیں۔

بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں سنچری بنا کر طویل عرصے بعد کسی پاکستانی مڈل آرڈر بلے باز کی جانب سے سنچری بنانے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024