• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

زائرہ بولی وڈ نہیں چھوڑ رہی، اکاؤنٹ ہیک کیا گیا، مینیجر کا دعویٰ

شائع July 1, 2019
زائرہ نے گزشتہ روز پوسٹ میں اعلان کیا کہ وہ بولی وڈ چھوڑ رہی ہیں —فوٹو/ اسکرین شاٹ
زائرہ نے گزشتہ روز پوسٹ میں اعلان کیا کہ وہ بولی وڈ چھوڑ رہی ہیں —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ کی نوجوان اداکارہ زائرہ وسیم نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ وہ ہندی سینما انڈسٹری چھوڑنے کا فیصلہ کررہی ہیں، جس کے بعد نامور شخصیات نے ان کے اس فیصلے پر اپنا ردعمل دیا۔

کئی شخصیات نے اداکارہ کو بولی وڈ چھوڑنے کی وجہ پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا جس کے بعد اب اداکارہ کے مینیجر نے دعویٰ کیا ہے کہ زائرہ کا اکاؤنٹ ہیک کرلیا گیا تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق زائرہ کے مینیجر نے دعویٰ کیا کہ اداکارہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کوئی بیان شیئر نہیں کیا، جبکہ ان کے اکاؤنٹس بھی ہیک کرلیے گئے ہیں۔

مینیجر کے مطابق زائرہ نے 5 صفحات پر مبنی بولی وڈ کو خیرباد کہنے کا کوئی بیان شیئر نہیں کیا۔

مزید تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی سوشل میڈیا ٹیم معاملے کو دیکھ رہی ہے، تاہم یہ بھی بتایا کہ اداکارہ نے بولی وڈ چھوڑنے کا فیصلہ نہیں کیا۔

گزشتہ روز 18 سالہ زائرہ وسیم کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اعلان کیا گیا تھا کہ وہ بولی وڈ چھوڑنے کا فیصلہ کررہی ہیں کیوں کہ ان کے کیرئیر کا انتخاب ان کے مذہبی عقائد پر اثرانداز ہورہا تھا۔

انہوں نے لکھا تھا کہ'میرے بولی وڈ میں 5 برس مکمل ہوگئے ہیں اور اس موقع پر میں اعتراف کرنا چاہتی ہوں کہ میں اپنے کام سے ملنے والی شناخت پر خوش نہیں، طویل عرصے سے مجھے لگ رہا تھا کہ میں کوئی اور شخصیت بننے کی جدوجہد کررہی ہوں، میں نے اب ان چیزوں کو کھوجنا اور محسوس کرنا شروع کیا ہے جن کے لیے میں اپنا وقت، کوششیں اور جذبات مختص کرنا چاہتی ہوں اور ایک نئے طرز زندگی کو برقرار رکھنے کی کوشش کررہی ہوں'۔

انہوں نے مزید لکھا 'مجھے یہ احساس ہونے لگا شاید میں اس انڈسٹری میں اچھی طرح فٹ ہوجاﺅں مگر میں یہاں سے تعلق نہیں رکھتی، اس شعبے سے مجھے بہت محبت، تعاون اور ستائش ملی، مگر اس کے ساتھ ساتھ یہ مجھے لاعلمی کے راستے پر لے گیا، کیونکہ میں خاموشی اور لاشعوری طور پر ایمان سے باہر نکلنے لگی'۔

زائرہ وسیم کا کہنا تھا 'میں مسلسل اپنے خیالات اور وجدان سے مفاہمت کے لیے اپنی روح سے جنگ کررہی تھی تاکہ اپنے ایمان کا تصور مستحکم کرسکوں مگر میں بری طرح ناکام ہوئی، اور ایسا صرف ایک بار نہیں بلکہ سو بار ہوا۔ میں ایسے ماحول میں کام کرتی رہی جو مسلسل میرے ایمان میں مداخلت کرتا رہا، جس سے میرا مذہب سے تعلق خطرے میں پڑگیا، مگر میں اسے نظرانداز کرکے آگے بڑھتے ہوئے خود کو قائل کرنے کی کوشش کرتی رہی کہ میں ٹحیک کررہی ہوں اور اس میں متاثر نہیں ہوں گی، مگر اس سے میری زندگی سے رحمت ختم ہوگئی'۔

اداکارہ اب تک دو بولی وڈ فلموں کا حصہ بن چکی ہیں، جن میں 'دنگل' اور 'سیکریٹ سپراسٹار' شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: زائرہ وسیم کے بولی وڈ کو خیرباد کہنے پر بھارتی شخصیات کا ردعمل

یہ دونوں ہی فلمیں باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئی تھی جبکہ زائرہ کو ان کی کارکردگی کے لیے ایوارڈز بھی موصول ہوئے تھے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ زائرہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب ان کی تیسری بولی وڈ فلم 'دی سکائے از پنک' کو ریلیز کرنے کی تیاری زور و شور سے جاری ہے۔

اس فلم میں زائرہ موروثی بیماری میں مبتلا نوجوان لڑکی کا کردار نبھاتی نظر آئیں گی جبکہ پریانکا چوپڑا ان کی والدہ اور فرحان اختر ان کے والد کا کردار نبھارہے ہیں۔

فلم رواں سال 11 اکتوبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024