• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
KandNs Publishing Partner

آملا اور ڈیو پلیسی کی عمدہ بیٹنگ، سری لنکا کو 9وکٹوں سے شکست

شائع June 28, 2019
کگیسو ربادا نے میچ کی پہلی ہی گیند پر سری لنکن کپتان کی وکٹ لی— فوٹو: رائٹرز
کگیسو ربادا نے میچ کی پہلی ہی گیند پر سری لنکن کپتان کی وکٹ لی— فوٹو: رائٹرز

ہاشم آملا اور کپتان فاف ڈیو پلیسی کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9وکٹوں سے شکست دے کر ایشین ٹیم کو سیمی فائنل کی دوڑ سے تقریباً باہر کردیا ہے۔

چیسٹر لی اسٹریٹ میں کھیلے جا رہے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو میچ کی پہلی گیند پر اس وقت درست ثابت ہوا جب کگیسو ربادا کی گیند پر کپتان دمتھ کرونارتنے بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

تاہم اس کے بعد آوشکا فرنینڈو اور کوشل پریرا نے سنبھل کر بیٹنگ کی اور ابتدائی نقصان کا کسی حد تک ازالہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 67رنز جوڑے۔

اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب فرنینڈو 30رنز بنانے کے بعد ڈوانے پریٹوریس کی وکٹ بن گئے جبکہ مجموعی اسکور میں پانچ رنز کے اضافے سے پریرا کی 30رنز کی اننگز بھی تمام ہوئی۔

انگلینڈ کے خلاف میچ میں عمدہ اننگز کھیلنے والے تجربہ کار اینجلو میتھیوز اس مرتبہ صرف 11 رنز بنا سکے جبکہ کوشل مینڈس 23رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو 111 رنز پر آدھی سری لنکن ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔

جیون مینڈس اور دھننجیا ڈی سلوا نے 24رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو بہتر مموعے تک رسائی دلانے کی کوشش کی لیکن ان کی یہ شراکت جین پال ڈومینی کے ہاتھوں اختتام پذیر ہوئی، ڈی سلوا نے 24رنز بنائے۔

مینڈس کا ساتھ دینے تھسارا پریرا آئے اور دونوں نے 28رنز جوڑے لیکن یہ جوڑی بھی وکٹ پر سیٹ ہونے کے بعد وکٹ گنوا بیٹھی اور اس طرح سری لنکا کی پوری ٹیم تین گیندوں قبل ہی 203رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کرس مورس اور پریٹوریس نے تین تین جبکہ ربادا نے دو وکٹیں لیں۔

ہدف کے تعاقب میں اوپنرز نے جنوبی افریقہ کو 31رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن لاستھ ملنگا کی خوبصورت یارکر نے کوئنٹن ڈی کوک کی اننگز کے آگے فل اسٹاپ لگا دیا۔

اس کے بعد فاف ڈیو پلیسی کی میدان میں آمد ہوئی اور انہوں نے ہاشم آملا کے ساتھ مل کر ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور کو بتدریج آگے بڑھانا شروع کیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور 76 گیندوں قبل ہی اپنی ٹیم کو ہدف تک رسائی دلا کر 9وکٹ کی شاندار فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ہاشم آملا نے 80 اور ڈیو پلیسی نے 96رنز کی اننگز کھیلی۔

3 وکٹیں لینے والے فاسٹ باؤلر ڈوانے پریٹوریس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس میچ میں شکست کے ساتھ ہی سری لنکا کی سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں تقریباً ختم ہو گئی ہیں اور بقیہ دونوں میچوں میں فتح کے بعد بھی شاید وہ ایونٹ کی آخری 4ٹیموں میں جگہ نہ بنا سکیں۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلے ہی عالمی کپ سے باہر ہو چکی ہے اور اس فتح کے باوجود بھی ورلڈ کپ میں آگے نہیں جا سکیں گے۔

سری لنکا کی اس شکست کے ساتھ ہی پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات مزید بڑھ گئے ہیں اور اپنے دونوں میچوں میں کامیابی کی بدولت قومی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ سکتی ہے لیکن اس کے لیے انگلینڈ کو اپنے اگلے دو میں سے ایک میچ میں لازمی شکست کھانی ہو گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024