• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
KandNs Publishing Partner

ورلڈکپ: ویسٹ انڈیز آؤٹ کلاس، بھارت 125رنز سے کامیاب

شائع June 27, 2019
بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے 72رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: رائٹرز
بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے 72رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: رائٹرز

بھارت نے ورلڈ کپ میچ میں ویسٹ انڈیز کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی کی امیدیں مزید روشن کر لی ہیں۔

مانچسٹر میں کھیلے جا گئے میچ میں بھارتی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن اسی میدان پر پاکستان کے خلاف سنچری بنانے والے روہت شرما 18رنز بنانے کے بعد کیماروچ کو وکٹ دے بیٹھے۔

اس مرحلے پر لوکیش راہول اور کپتان ویرات کوہلی نے ٹیم کو سنبھالا دیا اور 69رنز کی شراکت قائم کی لیکن راہول ایک مرتبہ پھر وکٹ پر سیٹ ہونے کے بعد ہولڈر کی گیند پر باؤلڈ ہو گئے، انہوں نے 48رنز بنائے۔

نئے بلے باز وجے شنکر کی اننگز صرف 14رنز تک محدود رہی جبکہ کیدار جادھو 7رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو بھارتی ٹیم 140رنز پر 4وکٹیں گنوا چکی تھی۔

اس موقع پر کوہلی اور ان کے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی کی جوڑی نے میدان سنبھالا اور دونوں نے 40رنز جوڑے لیکن اس سے قبل کہ کوہلی سنچری کی جانب پیش قدمی شروع کرتے، ہولڈر نے اپنے بھارتی ہم منصب کی 72رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

کوہلی کے آؤٹ ہونے کے بعد ایک مرتبہ پھر بھارتی ٹیم مشکلات سے دوچار نظر آتی تھی لیکن نوجوان ہردک پانڈیا کی جارحانہ بیٹنگ اور دھونی کا تجربہ ویسٹ انڈین باؤلرز کی راہ میں حائل ہو گئے۔

دونوں نے مشکل حالات میں عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 10 اوورز میں 70رنز کی شراکت قائم کر کے بھارت کی معقول مجموعے تک رسائی یقینی بنائی، پانڈیا 38گیندوں پر 46رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔

دھونی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی اور 2 چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 56رنز بنائے جس کی بدولت بھارتی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 268رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیماروچ تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ شیلڈن کوٹریل اور ہولڈر نے دو، دو وکٹیں لیں۔

ویسٹ انڈیز نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو محمد شامی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 16 کے مجموعے تک پہنچتے پہنچتے کرس گیل اور شے ہوپ کو پویلین چلتا کردیا۔

اس مرحلے پر سنیل ایمبرس اور نکولس پوران نے ذمے دارانہ بیٹنگ کی اور 55رنز کی شراکت قائم کی لیکن ہردک پانڈیا نے ورلڈ کپ میں پہلا میچ کھیلنے والے ایمبرس کی 31رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

پوران سے بھی ساتھی کھلاڑی کی جدائی برداشت نہ ہوئی اور وہ بھی 28رنز بنانے کے بعد کلدیپ یادو کی گیند پر شامی کو کیچ دے بیٹھے۔

اس کے بعد ویسٹ انڈیز کا کوئی بھی بلے باز بھاری باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کا سامنا نہ کر سکا اور کسی بھی کھلاڑی نے وکٹ پر رکنے کی زحمت نہ کی اور وقتاً فوقتاً وکٹیں گنواتے رہے۔

شیمرون ہٹمائر 18، کیماروچ 14 اور شیلڈن کوٹریل 10رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے جبکہ 6ویسٹ انڈین کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 143رنز پر ڈھیر ہو گئی اور بھارت نے میچ میں 125رنز کے بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کر لی۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی 4 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ یزویندر چاہل اور جسپریت بمراہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

72رنز کی اننگز کھیلنے پر بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024