• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
KandNs Publishing Partner

بابر کی سنچری، ناقابل شکست نیوزی لینڈ کو پاکستان کے ہاتھوں شکست

شائع June 26, 2019 اپ ڈیٹ June 27, 2019
شاہین شاہ آفریدی نے کیویز ٹیم کے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا—فوٹو: اے ایف پی
شاہین شاہ آفریدی نے کیویز ٹیم کے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا—فوٹو: اے ایف پی
محمد عامر نے اپنی پہلی ہی گیند پر مارٹن گپٹل کو بولڈ کردیا تھا۔ — فوٹو: اے ایف پی
محمد عامر نے اپنی پہلی ہی گیند پر مارٹن گپٹل کو بولڈ کردیا تھا۔ — فوٹو: اے ایف پی

شاہین شاہ آفریدی کی شاندار باؤلنگ کے بعد بابر اعظم اور حارث سہیل کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے ورلڈ کپ کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ کو 6وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں روشن کر لیں۔

برمنگھم کے ایجبسٹن میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

گزشتہ شب بارش کی وجہ سے گراؤنڈ میں آوٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے ٹاس تاخیر کا شکار ہوگیا تھا۔

محمد عامر نے ایک مرتبہ پھر اپنے پہلے ہی اوور میں 5 کے مجموعے پر 5 رنز بنانے والے مارٹن گپٹل کو بولڈ کرکے پاکستان کو ابتدا میں ہی کامیابی دلوا دی۔

مزید پڑھیں: ورلڈ کپ: بھارت کے خلاف میچ کے بعد خودکشی کرنا چاہتا تھا، آرتھر

کپتان کین ولیمسن نے کالن منرو کے ہمراہ ٹیم کا اسکور 24 رنز تک پہنچایا جہاں شاہین آفریدی نے 12 رنز بنانے والے کولن منرو کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

شاہین آفریدی نے اپنی تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی بیٹنگ کو تہس نہس کردیا، 38 کے مجموعے پر 3 رنز بنانے والے روس ٹیلر اور 46 کے اسکور پر ایک رن بنانے والے ٹام لیتھم کی اننگز کا خاتمہ کیا۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے مزاحمت جاری رکھی ہوئی تھی تاہم شاداب خان نے 83 کے مجموعے پر 41 رنز بنانے والے کین ولیمسن کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔

نیوزی لینڈ کے نیشام اور گرینڈ ہوم نے 132رنز کی شاندار شراکت قائم کی— فوٹو: اے ایف پی
نیوزی لینڈ کے نیشام اور گرینڈ ہوم نے 132رنز کی شاندار شراکت قائم کی— فوٹو: اے ایف پی

83 رنز پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد کولن ڈی گرینڈ ہوم اور جیمز نیشام نے عمدہ بیٹنگ کی اور تمام پاکستانی باؤلرز کا ڈٹ کر سامنا کیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ چھٹی وکٹ کے لیے 132رنز کی شراکت قائم کی اور 215 رنز کے مجموعی اسکور پر اس شاندار شراکت کا خاتمہ ہوا جب گرینڈ ہوم 64 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

دوسرے اینڈ سے نیشام نے عمدہ بیٹنگ جاری رکھی جس کی بدولت نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 237 رنز بنانے میں کامیاب رہی، نیشام نے 97 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں لیں جبکہ عامر اور شاداب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنرز نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 19رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اسی اسکور پر فخر ایک غیر ضروری شاٹ کھیل کر ٹرینٹ بولٹ کو وکٹ دے بیٹھے۔

بابر اعظم اور امام الحق نے اسکور کو 44 تک پہنچایا لیکن باؤلنگ پر متعارف کرائے گئے لوکی فرگیوسن نے اپنی دوسری ہی گیند پر باؤنسر پر امام کو ڈھیر کردیا، وہ 19رنز بنا سکے۔

دو وکٹیں گرنے کے بعد بابر کا ساتھ دینے تجربہ کار محمد حفیظ آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیوی باؤلرز کا ڈٹ کا مقابلہ کیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے 66 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد حفیظ حریف کپتان کین ولیمسن کو وکٹ دے کر پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 32 رنز بنائے۔

بابر اعظم نے کیریئر کی 10ویں سنچری اسکور کی— فوٹو: اے ایف پی
بابر اعظم نے کیریئر کی 10ویں سنچری اسکور کی— فوٹو: اے ایف پی

اس کے بعد حارث سہیل وکٹ پر آئے اور عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے بابر کے ہمراہ 100 رنز سے زائد کی شراکت قائم کی۔

بابر اعظم نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 124 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی اور رواں ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے سنچری بنانے والے پہلے کرکٹر بن گئے۔

حارث سہیل 68 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد رن آؤٹ ہوئے لیکن کپتان سرفراز نے آخری اوور کی پہلی گیند پر چوکا لگا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

بابر اعظم نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 101رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور انہیں اس شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم اب تک ایونٹ میں ناقابل شکست تھی لیکن پاکستان نے انہیں شکست دے کر ایونٹ میں پہلی شکست سے دوچار کردیا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Malik Jun 27, 2019 07:01am
دل خوش کر دیا ھے پاکستانی ٹیم نے۔ ماشاءاللہ ۔ قوم کو یہ خوشی مبارک

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024