• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
KandNs Publishing Partner

ورلڈ کپ: بنگلہ دیش نے افغانستان کو 62رنز سے شکست دے دی

شائع June 24, 2019
شکیب الحسن نے 51رنز بنانے کے بعد 5وکٹیں بھی حاصل کیں— فوٹو: رائٹرز
شکیب الحسن نے 51رنز بنانے کے بعد 5وکٹیں بھی حاصل کیں— فوٹو: رائٹرز

بنگلہ دیش نے شکیب الحسن کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت افغانستان کو باآسانی 62رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں بحال رکھیں۔

ہیمپشائر میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو 23کے مجموعے اسکور پر انہیں پہلی کامیابی ملی جب لٹن داس بڑی اننگز کھیلے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔

تمیم اقبال کا ساتھ دینے شکیب الحسن آئے اور دونوں تجربہ کار کھلاڑیوں نے 59رنز کی شراکت قائم کی لیکن اسی اسکور پر محمد نبی نے 36رنز بنانے والے اوپننگ بلے باز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

شکیب اور مشفیق کی جوڑی نے بھی 61رنزجوڑے لیکن مجیب الرحمٰن نے ان فارم شکیب کی 51رنز کی اننگز کا خاتمہ کر کے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلائی جبکہ سومیا سرکار نچلے نمبروں پر آ کر بھی کچھ نہ کر سکے اور تین رنز بنانے کے بعد مجیب کی تیسری وکٹ بن گئے۔

مشفیق نے دوسرے اینڈ سے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور محموداللہ کے ساتھ 56رنز جوڑ کر ٹیم کی ڈبل سنچری مکمل کرائی لیکن محموداللہ بھی وکٹ پر سیٹ ہونے کے بعد وکٹ گنوا بیٹھے۔

اختتامی اوورز میں مشفیق اور مصدق حسین نے نسبتاً جارحانہ بیٹنگ کی جس کی بدولت بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 262رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

مشفیق نے 83 اور مصدق نے 35رنز کی اننگز کھیلی۔

افغانستان کی جانب سے مجیب نے تین اور گلبدین نائب نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں افغان اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 49رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن شکیب الحسن نے رحمت شاہ کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی۔

اسکور 79 تک پہنچا تو مصدق حسین کی گیند کو کریز سے باہر نکل کر کھیلنے کی پاداش میں حشمت اللہ شاہدی اسٹمپ ہو کر پویلین لوٹے۔

گلبدین نائب اور اصغر افغان نے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی لیکن اسی اسکور پر افغان کپتان کی 47رنز کی اننگز بھی اختتام کو پہنچی جبکہ ایک گیند بعد شکیب نے ایک اور کامیابی حاصل کرتے ہوئے محمد نبی کی بھی وکٹیں بکھیر دیں۔

اسکور 117 تک پہنچا تو اصغر افغان بھی شکیب کا شکار بن گئے جبکہ اکرام علی خیل آؤٹ ہوئے تو افغانستان کی ٹیم 132رنز پر 6وکٹوں سے محروم ہو چکی تھی۔

چھ وکٹیں گرنے کے بعد نجیب اللہ زدران اور سمیع اللہ شنواری نے وکٹیں گرنے کا سلسلہ کچھ دیر کے لیے روک دیا اور 56رنز کی شراکت قائم کی لیکن شکیب نے ایک مرتبہ پھر اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنی ٹیم کو پانچویں کامیابی دلائی۔

اس کے بعد بنگلہ دیش کو افغانستان کی بساط لپیٹنے میں زیادہ دیر نہ لگی اور پوری ٹیم 200 رنز پر ڈھیر ہو گئی، سمیع اللہ شنواری نے ناقابل شکست 49رنز کی اننگز کھیلی۔

بنگلہ دیش نے 62رنز سے کامیابی حاصل کر کے سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں برقرار رکھیں۔

بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں لیں اور انہیں شاندار آل راؤنڈر کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024