• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
KandNs Publishing Partner

لارڈز میں پاکستان کا ناقص ریکارڈ قومی ٹیم کیلئے پریشان کن

شائع June 21, 2019
پاکستان نے لارڈز میں 4 میچ جیتے جبکہ اسے 7 میچوں میں شکست ہوئی— فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان نے لارڈز میں 4 میچ جیتے جبکہ اسے 7 میچوں میں شکست ہوئی— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ ورلڈ کپ میں اپنا اگلا میچ جنوبی افریقہ کے خلاف لارڈز کے تاریخی میدان پر کھیلے گی جہاں قومی کرکٹ ٹیم کا ریکارڈ کچھ زیادہ اچھا نہیں۔

ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی اور مسلسل شکستوں کے بعد پاکستان کا ایونٹ میں سفر اختتام کے قریب ہے اور اسے سیمی فائنل میں رسائی کے لیے ناصرف اپنے اگلے چاروں میچ جیتنا ہوں گے بلکہ اس کے بعد بھی ٹیم کے آگے جانے کا انحصار بقیہ ٹیموں کی کارکردگی پر ہو گا۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں ہار کے بعد ہمیشہ ٹیم میں اختلافات کی باتیں ہوتی ہیں، حفیظ

اب پاکستانی ٹیم اپنے اگلے میچ میں اتوار کو لارڈز کے تاریخی میدان پر جنوبی افریقہ کے مدمقابل ہو گی۔

لارڈز کے میدان سے پاکستان کی چند انتہائی تلخ اور چند حسین یادیں وابستہ ہیں لیکن مجموعی طور پر یہ میدان پاکستان کرکٹ کے لیے کچھ اچھا ثابت نہ ہوا۔

یہ وہی میدان ہے جہاں 1999 کے ورلڈ کپ فائنل میں پاکستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں بدترین شکست ہوئی تھی اور پھر چند سال بعد سہ ملکی سیریز کے فائنل میں بھی اسی طرح کی بدترین شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

مجموعی طور پر پاکستان نے اس گراؤنڈ پر 11 ون ڈے میچز کھیلے ہیں جن میں سے اسے 4 میں کامیابی نصیب ہوئی اور 7 میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

اس میدان پر پاکستان کا سب سے بڑا اسکور 265 اور سب سے کم اسکور 132 رنز رہا۔

یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ کے خلاف بھارتی ٹیم نیلے رنگ کی جرسی نہیں پہنے گی

پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں پہلی مرتبہ اس گراؤنڈ پر مدمقابل آئیں گے۔

دوسری جانب جنوبی افریقہ کا بھی اس میدان پر ریکارڈ کچھ قابل ذکر نہیں اور اس نے یہاں کھیلے گئے 4 میچز میں سے صرف ایک میں کامیابی حاصل کی ہے۔

پاکستان نے اسی تاریخی میدان پر آج کے دن 2009 میں ورلڈ ٹی20 جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

جنوبی افریقہ کی واضح برتری

اگر پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ون ڈے کرکٹ کے اعدادوشمار پر نظر دوڑائی جائے توجنوبی افریقہ کو واضح برتری حاصل ہے اور یہی برتری عالمی کپ کے مقابلوں میں بھی واضح نظر آتی ہے۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ اب تک 78 ایک روزہ میچز میں آمنے سامنے ہوچکے ہیں، 27 میں پاکستان نے فتح سمیٹی جبکہ 50 میں جنوبی افریقی ٹیم کامیاب رہی۔

ورلڈکپ میں دونوں ٹیمیں اب تک چار مرتبہ مدمقابل آ چکی ہیں جس میں سے 1992، 1996 اور 1999 میں افریقی ٹیم میدان مارنے میں کامیاب رہی۔

تاہم 2015 کے ورلڈ کپ میں موجودہ کپتان سرفراز احمد کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان نے پہلی مرتبہ پروٹیز کو عالمی کپ میں شکست دینے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024