ورلڈ کپ کا بڑا اپ سیٹ، سری لنکا نے انگلینڈ کو شکست دے دی
لاستھ ملنگا کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت سری لنکا کی ٹیم نے ورلڈ کپ 2019 کا بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے میزبان اور فیورٹ انگلینڈ کو 20 رنز سے شکست دے دی۔
لیڈز میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدائی طور پر غلط ثابت ہوا اور 3 رنز پر ان کے دونوں اوپنرز پویلین لوٹ چکے تھے۔
دو وکٹیں گرنے کے بعد آوشکا فرنینڈو اور کوشل مینڈس نے ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کرتے ہوئے 59رنز کی شراکت قائم کی لیکن مارک وڈ 39 گیندوں پر 49رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے والے فرنینڈو کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔
مینڈس کا ساتھ دینے سابق کپتان اینجلو میتھیوز آئے اور دونوں نے 71رنز کی شراکت قائم کر کے سری لنکا کو معقول مجموعے تک رسائی دلانے کی کوشش کی لیکن اس مرحلے پر عادل رشید نے یکے بعد دیگرے دو گیندوں پر 46رنز بنانے والے کوشل مینڈس کے ساتھ ساتھ اگلی ہی گیند پر جیون مینڈس کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔
133رنز پر آدھی ٹیم کے پویلین لوٹنے کے بعد ایسا محسوس ہوتا تھا کہ شاید جلد ہی سری لنکن ٹیم پویلین سدھار جائے گی لیکن ناقص فارم کا شکار اینجلو میتھیوز نے اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے سری لنکا کو بحران سے نکالا۔
انہوں نے دھننجیا ڈی سلوا کے ساتھ چھٹی وکٹ کے لیے 57رنز کی ساجھے داری قائم کی لیکن 29رنز پر ڈی سلوا بھی ہمت ہار گئے۔ اس کے بعد بقیہ بلے بازوں میں سے کوئی بھی میتھیوز کا ساتھ نہ دے سکا اور تمام کھلاڑی یکے بعد دیگرے وکٹیں گنواتے رہے۔
سری لنکا کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنا سکی، میتھیوز 85رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ناقابل شکست رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے مارک وڈ اور جوفرا آرچر نے تین، تین اور عادل رشید نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات سے دوچار رہی اور لاستھ ملننگا نے پہلے ہی اوور میں جونی بیئراسٹو کو پویلین رخصت کردیا۔
جیمز ونس اور جو روٹ نے اسکور 26 تک پہنچایا ہی تھا کہ ملنگا نے اپنی ٹیم کو ایک اور کامیابی دلاتے ہوئے 14رنز بنانے والے ونس کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔
اس مرحلے پر روٹ کا ساتھ دینے مورگن آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 47رنز کی شراکت قائم کی لیکن ایسورو یوڈانا نے اپنی ہی گیند پر انگلش کپتان کا کیچ لے کر سری لنکا کو اہم کامیابی دلائی۔
جو روٹ نے نئے بلے باز بین اسٹوکس کے ہمراہ 54رنز جوڑ کر ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی لیکن 57رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد ان کی ہمت بھی جواب دے گئی اور وہ ملنگا کی تیسری وکٹ بن گئیں۔
تاہم انگلینڈ کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب جارح مزاج بلے باز جوز بٹلر بھی صرف 10رنز بنانے کے بعد ملنگا کے تجربے کی بھینٹ چڑھ گئے۔
بین اسٹوکس نے معین علی کے ہمراہ اسکور 170تک پہنچایا لیکن چھکا لگانے کی کوشش میں معین علی باؤنڈری پر کیچ دے کر دھننجیا ڈی سلوا کو وکٹ دے بیٹھے۔
کرس ووکس اور عادل رشید کی اننگز بھی ڈی سلوا کے ہاتھوں اختتام کو پہنچیں جبکہ یوڈانا نے آرچر کو آؤٹ کیا تو انگلینڈ کی ٹیم 186رنز پر 9وکٹوں سے محروم ہو چکی تھی۔
اس کے بعد بین اسٹوکس نے تن تنہا اپنی ٹیم کی ناؤ پار لگانے کی بہت کوشش کی لیکن ان کی یہ کوشش بھی کارگر ثابت نہ ہوئی اور پوری انگلش ٹیم 212رنز پر ڈھیر ہو گئی، اسٹوکس 82رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
سری لنکا کی جانب سے ملنگا نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں لیں جبکہ ڈی سلوا نے تین اور یوڈانا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
لاستھ ملنگا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔