• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
KandNs Publishing Partner

پاک-بھارت ٹاکرا: زیادہ جذباتی نہیں ہوسکتے، ویرات کوہلی

شائع June 16, 2019
ویرات کوہلی نے پاکستانی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا—فوٹو:اے ایف پی
ویرات کوہلی نے پاکستانی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا—فوٹو:اے ایف پی

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے روایتی حریف پاکستان کے خلاف ورلڈ کپ 2019 کے دلچسپ ترین میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ میچ کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے جذبات کا شکار نہیں ہوں گے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان مانچسٹر میں شیڈول ورلڈ کپ کے اہم میچ کو رواں ایونٹ کا سب سے بڑا میچ کہا جارہا ہے اور اس میچ کا انتظار صرف پاکستان اور بھارت کے مداحوں کو ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں کرکٹ کے مداحوں کے ساتھ ساتھ دیگر ٹیموں کے کھلاڑیوں کو بھی شدت سے انتظار ہے۔

ویسٹ انڈیز کے کرس گیل اور پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے بھی اس میچ کے بارے میں اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں:پاک-بھارت ورلڈ کپ کا بڑا میچ: پاکستانی کھلاڑیوں کے پیغامات

ویرات کوہلی نے پریس کانفرنس میں پاکستان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘ہم جانتے ہیں کہ ان کی ٹیم میں بےپنا صلاحیتوں کے حامل کھلاڑی موجود ہیں لیکن ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ اگر ہم نے اچھا کھیلا تو پھر ہم ایک ٹیم کے طور پر واقعی اچھا کھیلیں گے’۔

بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ ‘ہم نے ابتدائی دو میچوں میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے اور ہماری نظریں اسی پر جمی ہوئی ہیں جس کی ہمیں ضرورت بھی ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘ہم مخالف ٹیم پر توجہ مرکوز نہیں کررہے ہیں اور کوئی خطرہ بھی نہیں ہے، ہمارے لیے کوئی ایک کھلاڑی اہمیت نہیں رکھتا اور صرف بطور بھارتی کرکٹ ٹیم میدان میں جانا ہے اور جو بھی ٹیم ہمارے سامنے ہے اس کا مقابلہ کرنا ہے’۔

میچ میں دباؤ سے ماورا ہو کر کھیلنے کا عزم دہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘اگر ہم نے اچھا کھیلا تو ہم دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکتے ہیں اگر اچھا نہیں کھیلے تو ٹیمیں ہمیں شکست دیں گی اور کرکٹ اسی طرح کا ایک آسان کھیل ہے’۔

یہ بھی پڑھیں:پاک-بھارت ٹاکرا: ’کھلاڑی تاریخ میں اپنا نام رقم کرنے کا موقع ضائع نہ کریں‘

پاکستان اور بھارت کے درمیان یہ میچ مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ میں ہوگا جہاں بارش کا بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے جبکہ دونوں جانب کے کھلاڑی کسی بھی صورت حال میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پرامید ہیں۔

اولڈ ٹریفورڈ میں صورت حال پر بات کرتے ہوئے کوہلی کا کہنا تھا کہ ‘ہم لچک کا مظاہرہ کرنا ہوگا، ہم اپنے رویے میں سخت نہیں ہوسکتے کیونکہ اگر گزشتہ میچوں کے مقابلے میں صورت حال مختلف ہوئی تو ہمیں دوسرے انداز میں طریقہ کار ترتیب دینا پڑے گا’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘باؤلنگ کے حوالے سے ہمیں پوزیشن مستحکم کرنا ہوگی، اگر فاسٹ باؤلنگ اہم ٹھہری تو ہم اس کا حل تلاش کریں گے’۔

کرکٹ کے مداحوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ‘میں اور میری ٹیم اس حوالے سے جذباتی نہیں ہوسکتے باوجود اس کے کہ یہ میچ عالمی سطح پر ہورہا ہے اور دنیا کی توجہ حاصل ہے’۔

کوہلی کا کہنا تھا کہ ‘میں مداحوں کو یہ نہیں کہہ سکتا کہ وہ میچ کو ایک خاص زاویے سے دیکھیں، ہمارے لیے یہ کھیل کا پیشہ ورانہ رویہ ہے اس لیے ہم زیادہ جذباتی نہیں ہوسکتے یا کسی موقع کے حوالے سے حد سے زیادہ پرجوش نہیں ہوسکتے’۔

بھارتی کپتان نے کہا کہ ‘مداحوں کے حوالے سے کھلاڑیوں کا رویہ ہمیشہ مختلف ہوتا ہے اور ہر گیند پر آپ شائقین سے پروفیشنل رویے کی توقع نہیں رکھ سکتے کیونکہ ہماری توجہ فیلڈنگ میں بہت مخصوص ہوتی ہے کیونکہ ہمیں لمحہ بہ لمحہ فیصلے کرنے ہوتے ہیں’۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024