• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بجٹ 20-2019: کابینہ کی منظوری کے باوجود ہیلتھ ٹیکس نہ لگ سکا

شائع June 12, 2019
ہیلتھ ٹیکس سے حاصل ہونے والی رقم صحت کے شعبے کی ترقی پر خرچ کی جانی تھی—فائل فوٹو/اے پی
ہیلتھ ٹیکس سے حاصل ہونے والی رقم صحت کے شعبے کی ترقی پر خرچ کی جانی تھی—فائل فوٹو/اے پی

اسلام آباد: صحت سے متعلق حساس افراد یہ جان کر حیران رہ گئے کہ وفاقی کابینہ کی جانب سے سگریٹ اور انرجی ڈرنکس پر ’ہیلتھ ٹیکس‘ لگانے کے فیصلے کے باوجود مالی سال 20-2019 کے مجوزہ بجٹ میں انہیں شامل نہیں کیا گیا۔

اس بارے میں ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ ’مذکورہ ٹیکس وفاقی کابینہ کے اجلاس میں منظور کرلیا گیا تھا'۔

تاہم منگل کو پارلیمانی سیشن سے قبل ہونے والے اجلاس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے آمدن بڑھانے کے لیے سگریٹ سے اس کے تیسرے درجے کا ٹیکس واپس لینے کی تجویز دی گئی۔

یہ بھی پڑھٰیں: بجٹ 20-2019: سگریٹ اور مشروبات پر ہیلتھ ٹیکس لگانے کی منظوری

خیال رہے 3 جون کو ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سگریٹ کے فی پیکٹ پر 10 روپے جبکہ کاربونیٹڈ ڈرنکس (مشروبات) کی 250 ملی لیٹر کی بوتل پر ایک روپے ہیلتھ ٹیکس عائد کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔

ڈان کو موصول ہونے والی دستاویزات کے مطابق ہیلتھ ٹیکس سے حاصل ہونے والی رقم صحت کے شعبے کی ترقی پر خرچ کی جانی تھی۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ اس سے قبل سگریٹ پر 3 طرح کے ٹیکس تھے لیکن ایف بی آر کی تجویز پر سب سے کم درجے کا ٹیکس واپس لے لیا گیا جس سے تمباکو کی صنعت سے حاصل ہونے والی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی یا ٹیکس میں 33 ارب روپے کا اضافہ ہوگا۔

مزید پڑھیں: فنانس بل میں گناہ ٹیکس کا ذکر نہ ہونے پر شعبہ صحت کے حکام مایوس

انہوں نے بتایا کہ مالی سال 19-2018 کے لیے ریونیو کا تخمینہ ایک کھرب 14 ارب روپے لگایا گیا تھا لیکن سب سے کم درجے کا ٹیکس واپس لینے سے مالی سال 20-2019 کا ریونیو ہدف ایک کھرب 47 ارب روپے ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مجھے اس بات کی یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) کی اضافی رقم یعنی 33 ارب روپے صحت کے شعبے میں خرچ کیے جائیں گے۔

اس حوالے سے ڈان سے گفتگو کرتے عالمی ادارہ صحت کے نیشنل پروفیشنل افسر شہزاد عالم خان نے حکومت کی جانب سے ٹیکس کے تیسرے درجے کو ختم کرنے کے فیصلے کو سراہا کیوں کہ اس کا مطالبہ عالمی ادارہ صحت نے بھی کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا تمباکو، چینی سے بنی مصنوعات پر 'سِن ٹیکس' لگانے کا اعلان

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’مجھے امید ہے کہ وزیراعظم عمران خان اس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ وفاق کے اس فیصلے پر عملدرآمد ہو‘۔

اس ضمن میں وزیراعظم کے ترجمان برائے انسدادِ پولیو اور تمباکو نوشی بابر بن عطا کا کہنا تھا کہ ان کا کام ہیلتھ ٹیکس لگانے کی حمایت کرنا تھا اور وہ اسے وفاقی کابینہ سے منظور کروانے میں کامیاب بھی ہوئے، اب یہ وزارت خزانہ کا کام ہے کہ اس فیصلے پر عمل کیا جاتا۔


یہ خبر 12 جون 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024