انگلینڈ کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا، آسٹریلیا کا ریکارڈ بھی توڑ دیا
کرکٹ ورلڈکپ 2019 میں انگلینڈ کی کارکردگی کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا اور اس نے آسٹریلیا کی جانب سے لگایا گیا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
آسٹریلیا نے 2007 میں ون ڈے کی مسلسل 6 اننگز میں 300 یا اس سے زائد رنز بنانے کا ریکارڈ قائم کیا تھا جسے انگلینڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف میچ کھیلتے ہوئے توڑا۔
انگلینڈ کی ٹیم نے ون ڈے کرکٹ میں مسلسل 7 اننگز کے دوران 300 یا اس سے زائد رنز بنا کر یہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
انگلینڈ کی ٹیم نے مسلسل 300 سے زائد بنانے کے ریکارڈ کو توڑنے کی پیش قدمی پاکستان کے خلاف سیریز سے شروع کی تھی اور انگلش ٹیم نے بالآخر مسلسل ساتویں میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف 300 سے زائد بناکر یہ ریکارڈ توڑ دیا۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والی 5 میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بارش کی نظر ہوگیا تھا تاہم دیگر 4 میچوں میں اس نے 300 سے زائد رنز اسکور کیے جس میں 2 مرتبہ ہدف کا تعاقب بھی شامل ہے۔
انگلینڈ کا 7 میچوں میں اسکور 373، 359، 341، 351، 311، 334 اور 386 رنز ہے جن میں 386 بنگلہ دیش جبکہ 311 رنز جنوبی افریقہ کے خلاف اسکور کیے جبکہ دیگر تمام مجموعے پاکستان کے خلاف بنائے۔