• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
KandNs Publishing Partner

ورلڈکپ: دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کو بھارت کے ہاتھوں شکست

شائع June 9, 2019 اپ ڈیٹ June 11, 2019
روہت شرما اور شیکھر دھاون نے 127 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ — ورلڈکپ ٹوئٹر اکاؤنٹ
روہت شرما اور شیکھر دھاون نے 127 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ — ورلڈکپ ٹوئٹر اکاؤنٹ

کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم میچ میں بھارت نے دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کو 36رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں لگاتار دوسری کامیابی حاصل کر لی۔

اوول کے تاریخی میدان میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو ان کے لیے فائدہ مند ثابت ہوا۔

گزشتہ میچز کے برعکس بھارتی اوپنرز روہت شرما اور شیکھر دھاون نے محتاط انداز میں بلے بازی کا آغاز کیا اور بغیر وکٹ گنوائے آہستہ آہستہ رنز کو آگے بڑھاتے گئے۔

دونوں کھلاڑیوں نے 127 رنز کی شراکت قائم کی جہاں روہت شرما 57 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد نیتھن کاؤلٹر نائیل کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد دھاون کا ساتھ دینے کپتان کوہلی آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 93رنز کی عمدہ شراکت قائم کر کے بڑے اسکور کی راہ ہموار کی، ناقص فارم کے سبب تنقید کا شکار شیکھر دھاون نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی اور 220 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر اسکور میں تیزی سے اضافے کے لیے ہردک پانڈیا کو بھیجا گیا جنہوں نے اس فیصلے کو درست ثابت کیا اور صرف 27گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 48رنز بنائے اور کوہلی کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 81رنز کی ساجھے داری قائم کی۔

مہندرا سنگھ دھونی نے بھی وکٹ پر آتے ہی جارحانہ انداز اپنا اور کپتان کے ہمراہ مزید 37رنز جوڑے جس کی بدولت بھارت کی ٹیم مقررہ اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 352رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی نے 82 اور دھونی نے 27رنز کی اننگز کھیلی۔

آسٹریلین اوپنرز ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے اپنی ٹیم کو 61رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن اسی اسکور پر دوسرا رن لینے کی کوشش میں فنچ کی 36رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔

وارنر کا ساتھ دینے اسٹیون اسمتھ آئے اور دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے مزید 72رنز کی ساجھے داری قائم کی ، وارنر 84گیندوں پر 56رنز کی سست اننگز کھیلنے کے بعد ٹیم کو بیچ منجدھار میں چھوڑ کر پویلین لوٹ گئے۔

عثمان خواجہ اور اسٹیون اسمتھ نے بھی 69رنز کی شراکت قائم کی لیکن عثمان بڑھتے رن ریٹ کا دباؤ برداشت نہ کر سکے اور 42 رنز بنانے کے بعد بمراہ کی وکٹ بن گئے۔

گلین میکس ویل نے آتے ہی روایتی انداز میں جارحانہ بیٹنگ کی لیکن دوسرے اینڈ پر موجود اسٹیون اسمتھ کی ہمت جواب دے گئی اور ان کی اننگز بھی 69رنز پر تمام ہوئی جبکہ بھوونیشور کمار ایک گیند پر مارکس اسٹوئنس کی بھی وکٹیں بکھیر دیں۔

آسٹریلیا ابھی اس دھچکے سے سنبھلا بھی نہ تھا کہ اگلے اوور میں میکسویل چھکا لگانے کی کوشش میں متبادل فیلڈر رویندرا جدیجا کی وکٹ بن گئے۔

اس کے بعد ایک اینڈ سے ایلکس کیری نے نقصان کا ازالہ کرنے کی کوشش کی لیکن کوئی دوسرا کھلاڑی ان کا ساتھ دینے پر آمادہ نہ ہوا۔

گزشتہ میچ میں 92رنز کی اننگز کھیلنے والے نیتھن کاؤلٹر نائیل صرف 4رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ پیٹ کمنز 8، مچل اسٹارک 3 اور ایڈم زامپا ایک رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، ایلکس کیری 55 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

آسٹریلیا کی پوری ٹیم 316رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور بھارت نے میچ میں 36رنز سے کامیابی حاصل کر کے گزشتہ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں شکست کا بدلہ لے لیا۔

بھارت کی جانب سے بھوونیشور کمار اور جسپریت بمراہ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

شیکھر دھاون کو ان کی شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024