• KHI: Zuhr 12:40pm Asr 4:25pm
  • LHR: Zuhr 12:11pm Asr 3:41pm
  • ISB: Zuhr 12:16pm Asr 3:41pm
  • KHI: Zuhr 12:40pm Asr 4:25pm
  • LHR: Zuhr 12:11pm Asr 3:41pm
  • ISB: Zuhr 12:16pm Asr 3:41pm
KandNs Publishing Partner

پاکستان پہلے معرکے میں ناکام، ویسٹ انڈیز کا ورلڈ کپ میں فاتحانہ آغاز

شائع May 31, 2019 اپ ڈیٹ June 12, 2019
فخر زمان آندرے رسل کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ — فوٹو: اے پی
فخر زمان آندرے رسل کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ — فوٹو: اے پی

ویسٹ انڈیز نے باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ورلڈ کپ 2019 میں اپنے پہلے میچ میں پاکستان کو 7وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ انداز میں آغاز کردیا۔

ناٹنگھم کے ٹرینٹ برج میں دونوں ٹیموں نے اپنی مہم کا آغاز کیا، جہاں ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو ان کے لیے فائدہ مند ثابت ہوا۔

کالی آندھی کے لقب سے مشہور ویسٹ انڈیز ٹیم کی باؤلنگ لائن پاکستانی بلے بازوں کو لپیٹ میں لے کر تمام ہی وکٹیں لے اڑیں۔

حسن علی آؤٹ ہوکر پویلین جارہے ہیں۔ — فوٹو: رائٹرز
حسن علی آؤٹ ہوکر پویلین جارہے ہیں۔ — فوٹو: رائٹرز

پاکستان کی بیٹنگ کا آغاز اچھا نہ تھا اور امام الحق 2 رنز بنا کر 17 کے مجموعے جبکہ آندرے رسل کی گیند پر فخر زمان 22 رنز بنا کر 35 کے مجموعے پر بدقسمت انداز میں بولڈ ہوگئے۔

ٹیم کے اسکور میں 10 رنز کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ حارث سہیل 8 رنز بنانے کے بعد آندرے رسل کی گیند پر وکٹ کیپر شے ہوپ کو کیچ دے بیٹھے۔

سرفراز احمد اور بابر اعظم نے اسکور کو آگے بڑھانے کی کوشش کی تاہم پہلے بابر اعظم 22 رنز بنانے کے بعد 62 پر آؤٹ ہوئے جن کا اوشین تھومس کی گیند پر شے ہوپ نے ایک بہترین کیچ لیا، جبکہ سرفراز احمد بھی 8 رنز بنا کر 75 کے مجموعے پر جیسن ہولڈر کی گیند پر شے ہوپ کو کیچ دے بیٹھے۔

آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی، امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ تجربہ کار بلے باز محمد حفیظ ٹیم کا اسکور آگے لے جانے کی کوشش کریں گے، لیکن ایسا نہیں ہوسکا کیونکہ وکٹ کی دوسرے جانب عماد وسیم اور حسن علی ایک ایک جبکہ شاداب خان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

محمد حفیظ کی مزاحمت بھی زیادہ دیر نہ چل سکی اور وہ 16 رنز بنانے کےبعد اوشین تھومس کا شکار بنے جس کے ساتھ ہی پاکستانی بیٹنگ لائن 83 رنز پر 9 وکٹوں سے محروم ہوگئی۔

اس مقام پر ایسا محسوس ہورہا تھا کہ شاید پاکستانی ٹیم 100 کا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے لیکن ایسے میں ٹیل اینڈر وہاب ریاض نے 2 چھکے اور ایک چوکا لگا کر 18 رنز بنائے اور ٹیم کو 105 رنز تک پہنچا دیا جہاں وہ بھی اوشین تھومس کی گیند پر بولڈ ہوگئے اور پوری ٹیم آل آؤٹ ہوگئی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے اوشین تھومس نے 4، جیسن ہولڈر نے 3، آندرے رسل نے 2 جبکہ شیلڈن کوٹریل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان ٹیم ورلڈکپ کی تاریخ کے اپنے دوسرے کم ترین اسکور پر آؤٹ ہوئی جہاں قومی ٹیم کے 7 بیٹسمین 10 کے ہندسے میں بھی نہیں پہنچ سکے۔

یاد رہے کہ ورلڈکپ میں پاکستان کا کم ترین اسکور 74 رنز ہے جو اس نے 1992 کے ورلڈکپ میں انگلینڈ کے خلاف اسکور کیا تھا، تاہم وہ میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا اور ٹیم شکست سے بچ گئی تھی۔

وہاب ریاض آؤٹ ہونے والے پاکستان کے آخری کھلاڑی تھے۔ — فوٹو: رائٹرز
وہاب ریاض آؤٹ ہونے والے پاکستان کے آخری کھلاڑی تھے۔ — فوٹو: رائٹرز

ویسٹ انڈیز نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنرز نے ٹیم کو 36رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اس مرحلے پر عامر نے شے ہوپ کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

فاسٹ باؤلر نے پاکستان کو ایک اور اہم کامیابی دلاتے ہوئے ڈیرن براوو کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔

محمد عامر نے ہی ویسٹ انڈیز کی تیسری وکٹ حاصل کی، اوپنر کرس گیل 34 گیندوں پر 50 رنز بناکر شاداب خان کو کیچ تھماگئے۔

تاہم اس کے باوجود ویسٹ انڈین ٹیم نے 14ویں اوور کی چوتھی گیند پر باآسانی ہدف حاصل کر لیا۔

پاکستان کی جانب سے تینوں وکٹیں محمد عامر نے حاصل کیں۔

27رنز کے عوض 4وکٹیں لینے والے اوشین تھامس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں کپتان سرفراز احمد کے علاوہ فخر زمان، امام الحق، محمد حفیظ، بابر اعظم، حارث سہیل، عماد وسیم، شاداب خان، محمد عامر، حسن علی اور وہاب ریاض شامل تھے۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم کپتان جیسن ہولڈر، کرس گیل، شے ہوپ، ڈیرن براوو، شمرون ہیٹمیئر، نکولس پورن، آندرے رسل، کارلوس بریتھ ویٹ، ایشلے نرس، شیلڈن کوٹریل اور اوشین تھامس پر مشتمل تھی۔

کارٹون

کارٹون : 12 جنوری 2025
کارٹون : 9 جنوری 2025