• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
KandNs Publishing Partner

دھونی اور راہل کی سنچریاں، بھارت کے ہاتھوں بنگلہ دیش کو شکست

شائع May 28, 2019 اپ ڈیٹ June 12, 2019
مہندرا سنگھ دھونی اور لوکیش راہل نے 164رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کیا— فوٹو: اے پی
مہندرا سنگھ دھونی اور لوکیش راہل نے 164رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کیا— فوٹو: اے پی

مہندرا سنگھ دھونی اور لوکیش راہل کی شاندار سنچریوں کے بعد اسپنرز کی شاندار باولنگ کی بدولت بھارت نے ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں بنگلہ دیش کو 95رنز سے شکست دے دی۔

کارڈف میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدائی طور پر درست ثابت ہوا۔

ایک مرتبہ پھر بھارتی ٹاپ آرڈر ناکامی سے دوچار ہوا اور کوہلی کی 47رنز کی اننگز کے باوجود ایک مرحلے پر بھارتی ٹیم 102 رنز پر 4کھلاڑیوں سے محروم ہو چکی تھی۔

اس موقع پر لوکیش راہل کا ساتھ دینے دھونی آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 164رنز کی شراکت قائم کر کے بنگلہ دیش کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔

لوکیش راہل 99 گیندوں پر 4 چھکوں اور 12 چھکوں کی مدد سے 108 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے لیکن دوسرے اینڈ سے دھونی نے بہترین بیٹنگ جاری رکھی اور اپنی سنچری مکمل کی۔

بھارتی ٹیم کے سابق کپتان نے صرف 78 گیندوں پر 7 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 113 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت بھارت نے مقررہ اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 359رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے روبیل حسین اور شکیب الھسن دو، دو وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

ہدف کے تعاقب میں سومیا سرکار اور لٹن داس نے بنگلہ دیشی ٹیم کو 49رنز کا معقول آغاز فراہم کیا لیکن جسپریت بمراہ نے سومیا کو پویلین چلتا کر کے اس شراکت کا خاتمہ کردیا۔

تاہم بنگلہ دیش کو اصل دھچکا اس وقت لگا جب بھارتی فاسٹ باؤلر نے اگلی ہی گیند پر شکیب الحسن کی وکٹیں بکھیر دیں۔

اس مرحلے پر لٹن داس کا ساتھ دینے سابق کپتان مشفیق الرحیم آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 120رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کے اسکور کو 169رنز تک پہنچا دیا۔

اس موقع پر یزویندر چاہل نے 73رنز بنانے والے لٹن داس کو دھونی کی مدد سے قابو کر کے اہم شراکت کا خاتمہ کردیا اور پھر اگلی ہی گیند پر محمد متھن کو بھی چلتا کردیا۔

محموداللہ کی اننگز صرف 9رنز پر تمام ہوئی البتہ بنگلہ دیش کی میچ جیتنے کی واحد امید اس وقت دم توڑ گئی جب مشفیق 90رنز بنانے کے بعد کلدیب یادو کو وکٹ دے بیٹھے اور پھر اگلی ہی گیند پر اسپنر کے ہاتھوں مصدق حسین کا کام بھی تمام ہو گیا۔

محمد سیف الدین اور مہدی حسن میراز نے بالترتیب 18 اور 27رنز بنا کر نویں وکٹ کے لیے 46رنز جوڑے لیکن ان کی یہ کاوش بھی بیکار گئی اور پوری بنگلہ دیشی ٹیم 264 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

بھارت نے وارم اپ میچ میں باآسانی 95رنز سے فتح حاصل کی، کلدیب اور چاہل نے تین، تین جبکہ بمراہ نے دو وکٹیں لیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024