• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
KandNs Publishing Partner

ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کامیاب

شائع May 27, 2019 اپ ڈیٹ June 12, 2019
جیسن روئے نے بھرپور پریکٹس کرتے ہوئے صرف 46 گیندوں پر 4 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 89رنز بنائے— فوٹو: رائٹرز
جیسن روئے نے بھرپور پریکٹس کرتے ہوئے صرف 46 گیندوں پر 4 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 89رنز بنائے— فوٹو: رائٹرز

عالمی نمبر ایک انگلینڈ نے ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں افغانستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9وکٹوں سے شکست دے دی جبکہ آسٹریلیا نے سری لنکا کو 5وکٹوں سے مات دے دی۔

اوول میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

افغانستان کی ٹیم میچ کی ابتدا سے ہی مشکلات سے دوچار رہی اور ایک موقع پر صرف 92رنز پر اس کی 8وکٹیں گر چکی تھیں۔

اس موقع پر محمد نبی نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 44رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم قدرے بہتر مجموعے تک رسائی دلائی۔

افغانستان کی ٹیم 39ویں اوور میں صرف 160رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی، نور علی زدران 30، حشمت اللہ شاہدی 19 اور دولت زدران 20رنز کے ساتھ دیگر نمایاں بلے باز رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر اور جو روٹ تین، تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

ایک آسان ہدف کے تعاقب میں انگلش اوپنرز جونی بیئراسٹو اور جیسن روئے نے اپنا روایتی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ٹیم کو 7 اوورز میں 77رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، بیئراسٹو 39رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

تاہم دوسرے اینڈ سے جیسن روئے نے جارحانہ بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے افغان باؤلرز کی خوب خبر لی جس کی بدولت انگلینڈ نے 17.3اوورز میں ہدف حاصل کر لیا۔

روئے نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 46 گیندوں پر 4 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 89رنز بنائے، روٹ نے 29رنز کے ساتھ ان کا ساتھ نبھایا۔

عثمان خواجہ کی 89رنز کی اننگز میں صرف تین چوکے شامل تھے— فوٹو: اے پی
عثمان خواجہ کی 89رنز کی اننگز میں صرف تین چوکے شامل تھے— فوٹو: اے پی

دوسری جانب ساؤتھ ہیمپٹنن میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے عثمان خواجہ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت سری لنکا کو 5وکٹوں سے شکست دے دی۔

سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8وکٹوں کے نقصان پر 239رنز بنائے، لہیرو تھری مانے56رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز رہے جبکہ دھننجیا ڈی سلوا نے 43، تھسارا پریرا نے 27 اور کوشل مینڈس نے 24رنز کی اننگز کھیلی۔

سری لنکن اننگز میں تمام ہی کھلاڑی وکٹ پر سیٹ ہونے کے بعد وکٹیں گنواتے رہے جس کے سبب کوئی بھی بڑی شراکت قائم نہ ہو سکی۔

جواب میں آسٹریلیا نے عثمان خواجہ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 31گیندوں قبل ہی ہدف حاصل کر لیا، عثمان نے 89رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شان مارش نے 34، گلین میکس ویل نے 36 اور مارکس اسٹوئنس نے 32 رنز کی اننگز کھیلیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024