• KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:27pm
KandNs Publishing Partner

پاکستان کی ورلڈ کپ تیاریوں کی قلعی کھل گئی، افغانستان کے ہاتھوں شکست

شائع May 24, 2019 اپ ڈیٹ June 12, 2019
افغانستان کے محمد نبی نے تین وکٹیں لیں— فوٹو: اے ایف پی
افغانستان کے محمد نبی نے تین وکٹیں لیں— فوٹو: اے ایف پی

افغانستان نے ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں پاکستان کو شکست دے کر قومی ٹیم کی ورلڈ کپ کی تیاریوں کا راز فاش کردیا۔

برسٹل میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت ک پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنرز امام الحق اور فخر زمان نے ٹیم کو 47رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن 65 کے مجموعے تک پہنچتے پہنچتے پاکستانی ٹیم 3وکٹوں سے محروم ہو چکی تھی۔

مزید پڑھیں: جب ایک بچے کے سوال نے تمام کپتانوں کو سر کھجانے پر مجبور کردیا

محمد حفیظ اور بابر اعظم نے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی ہی تھی کہ 100 کے مجموعے پر حفیظ بھی پویلین چلتے بنے۔

بابر اعظم نے سنچری اسکور کرتے ہوئے 112 رنز بنائے— فوٹو: اے ایف پی
بابر اعظم نے سنچری اسکور کرتے ہوئے 112 رنز بنائے— فوٹو: اے ایف پی

4 وکٹیں گرنے کے بعد بابر کا ساتھ دینے شعیب ملک آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 103رنز کی شراکت قائم کی، اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب شعیب 44رنز بنانے کے بعد محمد نبی کی تیسری وکٹ بن گئے۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کے اہلخانہ کو ساتھ رکھنے پر پابندی

کپتان سرفراز احمد کی اننگز بھی صرف 13رنز تک محدود رہی جبکہ بابر 112رنز بنا کر آؤٹ ہوئے پاکستان کے بڑا مجموعہ کرنے کی تمام تر امیدیں دم توڑ گئیں۔

ٹیل اینڈرز اسکور میں کچھ خاطر خواہ اضافہ کرنے میں ناکام رہے اور پوری ٹیم 13گیندوں قبل ہی 262 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ افغانستان کی جانب سے محمد نبی نے تین جبکہ راشد خان اور دولت زدران نے دو، دو وکٹیں لیں۔

افغان اوپنرز حضرت اللہ زازئی نے محمد شہزاد کے ساتھ اپنی ٹیم کو 51رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، اس دوران زازئی نے شاہین شاہ آفریدی کے ایک اوور میں 5 چوکے لگائے۔

ٹانگ میں انجری کے سبب شہزاد پویلین لوٹنے پر مجبور ہو گئے لیکن دوسرے اینڈ سے زازئی نے جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی اور 28 گیندوں پر 2 چھکوں اور 8چوکوں کی مدد سے 49رنز بنائے۔

افغانستان کی پہلی وکٹ 80رنز پر گری جب حضرت اللہ پویلین لوٹے جبکہ 119 کے اسکور پر رحمت شاہ وہاب کی وکٹ بن گئے۔ اس موقع پر سمیع اللہ شنواری اور حشمت اللہ شاہدی نے 49رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کیا، سمیع اللہ 22 رنز بنا کر عماد کا شکار بنے جبکہ اصغر افغان کی اننگز کا خاتمہ بھی عماد کے ہاتھوں ہوا۔

اس موقع پر امید تھی کہ پاکستانی ٹیم میچ میں واپس آنے میں کامیاب ہو جائے گی لیکن محمد نبی اور حشمت اللہ پاکستانی باؤلرز کے خلاف ڈٹ گئے۔

دونوں کھلاڑیوں نے 66رنز کی عمدہ شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیز پر پہنچا دیا لیکن اس مرحلے پر نوجوان محمد حسنین نے محمد نبی کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔

اگلے اوور میں وہاب ریاض نے یکے بعد دیگرے حریف کپتان گلبدین نائب اور نجیب اللہ زدران کو آؤٹ کر کے پاکستان کو میچ میں واپس لانے کی کوشش کی لیکن ان کی یہ کوشش بھی رائیگاں گئی اور افغانستان نے آخری اوور میں ہدف حاصل کر کے پاکستان کو میچ میں 3وکٹوں سے شکست دے دی۔

افغانستان کے حشمت اللہ شاہدی نے 73رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے تین وکٹیں لیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 نومبر 2024
کارٹون : 14 نومبر 2024