• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

نریندر مودی کی جیت پر عالمی رہنماؤں کی مبارکباد،نیک خواہشات کا اظہار

شائع May 23, 2019
نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے 17ویں لوک سبھا انتخابات میں کامیابی حاصل کرلی — فائل فوٹو/رائٹرز
نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے 17ویں لوک سبھا انتخابات میں کامیابی حاصل کرلی — فائل فوٹو/رائٹرز

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی لوک سبھا انتخابات میں کامیابی پر عالمی رہنماؤں نے انہیں نیک خواہشات اور مبارک باد کے پیغامات بھیجے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا نریندر مودی کو جیت پر مبارک باد دی اور کہا کہ 'نریندر مودی کی اقتدار میں واپسی کے ساتھ امریکا-بھارت شراکت دار میں کئی اہم چیزیں ابھی ہونی ہیں، میں ہمارے اہم کام کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہوں'۔

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ 'انتخابات میں متاثر کن جیت پر مبارک ہو میرے دوست نریندر مودی، انتخابات کے نتائج دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت پر آپ کی بہترین قیادت کی تصدیق کرتے ہیں'۔

انہوں نے نریندر مودی کو بہترین کام کرنے پر سراہتے ہوئے کہا کہ 'ہم مل کر اسرائیل اور بھارت کے درمیان عظیم دوستی کو مزید مضبوط بنائیں گے'۔

ٹوئٹر پر انہوں نے یہ ٹویٹ بھارت میں بولے جانے والی ہندی زبان میں بھی کی۔

روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے بھی نریندر مودی کو جیت پر مبارک باد دی اور باہمی تعلقات کے لیے مل کر کام کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ 'میں مانتا ہوں کہ اس عہدے پر آپ ہمارے لوگوں کے درمیان صدیوں پرانی دوستی اور روس اور بھارت کے درمیان ترقی کے لیے شراکت داری کو مزید مضبوط بنائیں گے'۔

مزید پڑھیں: بھارت میں پھر مودی سرکار، بی جے پی کی واضح برتری

چینی صدر شی جن پنگ نے نریندر مودی کو انتخابات میں کامیابی پر دلی مبارک باد دی۔

نئی دہلی میں چینی سفارت خانے کی جانب سے بھارتی وزارت خارجہ کو دیئے جانے والے خط میں شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ 'قومی جمہوری اتحاد کو 17ویں لوک سبھا انتخابات جیتنے پر میں دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرنا چاہتا ہوں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'بحیثیت اہم پڑوسی ہونے کے، چین اور بھارت 2 ترقی پذیر ممالک اور عالمی سطح پر ابھرتی ہوئی معیشت ہیں، حالیہ سالوں میں چین-بھارت تعلقات میں دونوں جانب سے کوششوں کے بعد بہتری سامنے آئی ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: 'مودی جی یہ ریڈار ہے، چشمہ اتاریں اور بادلوں کو دیکھیں'

انہوں نے اپنے خط میں نریندر مودی کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ 'ترقی کے لیے چین-بھارت تعلقات کی بہت زیادہ اہمیت ہے، باہمی تعلقات کے لیے آپ کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہوں گا تاکہ باہمی سیاسی تعاون اور شراکت داری کو فروغ مل سکے'۔

افغانستان کے صدر اشرف غنی نے ٹوئٹر پر بھارتی وزیر اعظم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 'بھارتی عوام سے بھاری مینڈیٹ حاصل کرنے پر مبارک ہو، افغانستان کے عوام اور حکومت دونوں جمہوری ممالک خطے میں امن اور استحکام کے لیے تعاون بڑھانا چاہتے ہیں'۔

خیال رہے کہ بھارت میں لوک سبھا ( ایوانِ زیریں) کے 17ویں انتخابات میں نریندر مودی کی جماعت بی جے پی واضح برتری کے ساتھ لگاتار دوسری مرتبہ کامیابی کی جانب گامزن ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق بھارتی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے اب تک کے سرکاری نتائج کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کو 294 نشستوں کے ساتھ برتری حاصل ہے جبکہ اپوزیشن جماعت کانگریس 50 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ ' بھارتیہ جنتا پارٹی کو عظیم کامیابی سے ہمکنار کروانے پر نریندر مودی کی مشکور ہوں'۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024