ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو غلط ثابت کرنا چاہتا ہوں ،وہاب
قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے ورلڈ کپ اسکواڈ میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہیں 10دن قبل خواب میں آ گیا تھا کہ وہ ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم میں شامل ہو جائیں گے۔
2017 کی چیمپیئنز ٹرافی کے بعد سے کوئی بھی ون ڈے انٹرنیشنل میچ نہ کھیلنے والے وہاب ریاض ورلڈ کپ کے لیے ابتدائی طور پر اعلان کردہ 23رکنی اسکواڈ کا بھی حصہ نہ تھے۔
مزید پڑھیں: ورلڈکپ کیلئے پاکستان کے حتمی اسکواڈ کا اعلان: عامر، آصف، وہاب شامل
بعدازاں جب ورلڈ کپ کے لیے 15رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا تو اس میں بھی ان کا نام شامل نہ تھا لیکن قسمت کو کچھ اور ہی منظور تھا اور انگلینڈ میں قومی ٹیم کے باؤلرز کی ناقص کارکردگی کو دیکھتے ہوئے سلیکٹرز موجودہ فارم کی بنیاد پر انہیں اسکواڈ میں منتخب کرنے پر مجبور ہو گئے۔
وہاب ریاض نے ورلڈ کپ کے لیے روانگی سے قبل لاہور میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہیں 10دن قبل خواب آیا تھا کہ وہ ورلڈ کپ اسکواڈ میں منتخب ہو گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے خواب میں دیکھا کہ چیف سلیکٹر انضی بھائی نے مجھے کال کی اور بتایا کہ میں ورلڈ کپ اسکواڈ میں منتخب ہو گیا ہوں اور یہ میرا آخری موقع ہے اور بالکل ایسا ہی ہوا جب انضمام الحق نے کال کر کے مجھے ٹیم میں منتخب کیے جانے کے حوالے سے آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: آصف علی کی بیٹی کی بیماری اور ان کی ہمت کی کہانی
انضمام الحق کا ماننا ہے کہ تیز رفتار کے حامل وہاب ریاض انگلینڈ میں اپنی ریورس سوئنگ کی بدولت قومی ٹیم کے لیے کافی سودمند ثابت ہو سکتے ہیں۔
وہاب ریاض نے کہا کہ انگلینڈ میں خشک کنڈیشنز اور سخت وکٹوں پر گیند ریورس سوئنگ ہو گی، مجھے ریورس سوئنگ میں مہارت ہے جس کی بدولت میں اختتامی اوورز میں رنز کا بہاؤ روکنے کی کوشش کروں گا۔
یاد رہے کہ انگلینڈ کے خلاف چاروں ون ڈے میچوں میں پاکستانی باؤلرز کو رنز کا بہاؤ روکنے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور قومی ٹیم تمام میچوں میں بڑا اسکور کرنے کے باوجود ناکامی سے دوچار ہوئی اور انگلش ٹیم نے تقریباً تمام میچوں میں اوسطاً 350رنز سے زائد اسکور کیے۔
وہاب ریاض نے تسلیم کیا ان پر کافی دباؤ ہے کیونکہ چیف سلیکٹر انہیں بتا چکے ہیں انہیں تجربے کی بنیاد پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، انگلینڈ میں وکٹوں اور کنڈیشنز بیٹنگ کے لیے سازگار ہوں گی لہٰذا ہمیں جارح سوچ کے ساتھ باؤلنگ کرنا ہو گی ورنہ بلے باز ہم پر حاوی ہو جائیں گے۔
اس موقع پر انہوں نے ساتھی فاسٹ باؤلر جنید خان کے ورلڈ کپ اسکواڈ سے اخراج پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت افسردہ اور مایوس ہوں گے اور وہ سوچ رہے ہوں گے کہ ان کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں: انگلینڈ نے بھی اپنے ورلڈ کپ اسکواڈ میں تین تبدیلیاں کردیں
اس موقع پر فاسٹ باؤلر نے کہا کہ وہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو غلط ثابت کر کے اپنے ٹیم میں انتخاب کو درست ثابت کرنا چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ مکی آرتھر نے وہاب کے باؤلنگ اور کام کے طریقہ کار پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے 2سال میں ہمیں ایک بھی میچ نہیں جتوایا۔
وہاب نے کہا کہ میں آپ کو بتا نہیں سکتا کہ ان الفاظ سے مجھے کتنی تکلیف ہوئی تھی لیکن میں ماضی میں نہیں رہنا چاہتا اور یہ سب اب تاریخ بن چکا ہے، اب میں ٹیم کا حصہ ہوں اور مکی آرتھر کو غلط ثابت کر کے اپنی سلیکشن کو درست ثابت کرنا چاہتا ہوں۔
وہاب ریاض جلد انگلینڈ روانہ ہو کر قومی ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔
تبصرے (1) بند ہیں