شاداب خان کی ورلڈ کپ میں شرکت کی تصدیق
ورلڈ کپ سے قبل پاکستان ٹیم کو بڑی خوشخبری مل گئی ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے عالمی کپ2019 کے لیے نوجوان لیگ اسپنر شاداب خان کو فٹ قرار دے دیا ہے۔
پی سی بی میں موجود ذرائع کے مطابق 20سالہ لیگ اسپنر 16مئی کو انگلینڈ روانہ ہوں گے اور 20مئی کو قومی ٹیم کو جوائن کرنے سے قبل ڈاکٹر پیٹرک کینیڈی سے ملاقات کریں گے تاکہ اپنی بیماری کے حوالے سے ان کی رائے جان سکیں۔
مزید پڑھیں: امام الحق کے 151 رنز، نیا ریکارڈ اپنے نام کر لیا
پی سی بی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق عالی کپ سے قبل افغانستان اور بنگلہ دیش کے خلاف وارم اپ میچز میں شاداب کی شمولیت فٹنس اور ٹیم مینجمنٹ کے فیصلے سے مشروط ہو گی۔
شاداب خان نے اپنے نئے خون کے نمونوں کے نتائج منفی آنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں ہمیشہ سے پراعتماد تھا کہ میں وائرل انفیکشن سے جلد صحتیاب ہو کر عالمی کپ کے لیے دستیاب ہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کی بدولت میں ایک عالمی ایونٹ کی اہمیت اور اس بات کو سمجھتا ہوں کہ اس طرح کے ایونٹس میں کامیابی کھلاڑی اور عوام کے لیے کیا معنی رکھتی ہے۔
لیگ اسپنر نے کہا کہ میری نظریں ورلڈ کپ پر مرکوز ہیں اور میں پاکستان کو عالمی چیمپیئن بنوانے کے لیے کوئی بھی کسر نہیں چھوڑوں گا۔
یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ سے شکست کے باوجود پاکستان نے 15 سال پرانا ریکارڈ توڑدیا
شاداب خان پاکستان کے ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ 15رکنی اسکواڈ کا حصہ تھے لیکن وائرل انفیکشن کا شکار ہونے کے بعد ان کے خون کے نمونوں میں بھی انفیکشن کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد انہیں دورہ انگلینڈ کے لیے ٹیم کے ساتھ نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
ادھر چکن پاکس کا شکار محمد عامر کی عالمی کپ میں شرکت کے امکانات ہر گزرتے دن کے ساتھ معدوم ہوتے جا رہے ہیں کیونکہ ان کی انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں شرکت کا امکان انتہائی کم ہے۔
ورلڈ کپ کے لیے حتمی اسکواڈ کے اعلان کی آخری تاریخ 23مئی ہے اور تمام ٹیموں کو اس دن کے بعد کسی تکنیکی وجہ کے بغیر اپنے اسکواڈ میں تبدیلی کی اجازت نہیں ہو گی اور میڈیکل سرٹیفکیٹ کے بعد ہی کھلاڑی کی اسکواڈ میں شمولیت یقینی ہو سکے گی۔
مزید پڑھیں: محمد عامر وائرل انفیکشن کا شکار، ورلڈکپ اسکواڈ میں شرکت مشکوک
ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کا اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
سرفراز احمد(کپتان)، فخر زمان، امام الحق، عابد علی، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، عماد وسیم، حارث سہیل، شاداب خان، حسن علی، جنید خان، شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف اور محمد حسنین۔