پاکستانی بلےبازوں کی محنت رائیگاں، انگلینڈ صرف 12 رنز سے کامیاب
انگلینڈ نے 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں جوز بٹلر کی برق رفتار سنچری کے بدولت 343 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا مگر فخر زمان سمیت پاکستانی بلے بازوں کی اچھی کارکردگی کے باعث میچ صرف 12 رنز سے جیت کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
میزبان ٹیم کے اوپننگ بلے بازوں جیسن رائے اور جونی بیئرسٹو نے سرفراز احمد کی تمام حکمت عملی پر پانی پھیرتے ہوئے پہلی وکٹ پر سنچری پارٹنرشپ قائم کردی۔
قومی ٹیم کو پہلی کامیابی 115 کے مجموعے پر ملی جب جونی بیئرسٹو 51 رنز بنانے کے بعد شاہین آفریدی کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
میزبان ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 29ویں اوور میں 170 رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث میچ روکنا پڑا، اس موقع پر جیسن رائے 83 اور جو روٹ 28 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔
بارش تھمتے ہی جب میچ کا دوبارہ آغاز ہوا تو حسن علی نے 87 رنز پر کھیلنے والے جیسن روئے کو آوٹ کرکے انگلینڈ کی دوسری وکٹ گرادی۔
جو روٹ اور کپتان آئن مورگن نے تیسری وکٹ کی شراکت میں ٹیم کا اسکور 211 رنز تک پہنچا دیا جس کے بعد جوروٹ 40 رنز کی اننگز کھیل کر یاسر شاہ کی گیند پر حارث سہیل کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔
انگلینڈ نے 300 کا ہندسہ 46 ویں اوور میں حاصل کرلیا جب مورگن اور جوز بٹلر نے جارحانہ انداز میں اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔
مورگن اور بٹلر کے درمیان تیسری وکٹ کی شراکت میں 162 رنز بنے جس میں بٹلر کی صرف 50 گیندوں پر جارحانہ سنچری بھی شامل تھی، جنہوں نے مجموعی طور پر 9 چھکے اور 6 چوکے لگائے اور آخر تک آوٹ نہیں ہوئے۔
انگلینڈ نے مقررہ اورز میں 3 وکٹوں پر 373 رنزبنا کر پاکستان کو ایک مشکل ہدف دیا۔
جوز بٹلر 55 گیندوں پر 110 اور مورگن 48 گیندوں پر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 71 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
شاہین شاہ آفریدی، یاسر شاہ اور حسن علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے ہدف کے تعاقب میں پہلا نقصان 92 کے اسکور پر برداشت کیا جب امام الحق 35 رنز بنا کر معین علی کی گیند پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد فخر زمان اور بابر اعظم نے ذمہ داری سے اسکور کو آگے بڑھایا اور ٹیم کو اچھی پوزیشن پر لاکھڑا کیا۔
فخر زمان نے شراکت کے دوران اپنی سنچری بھی مکمل کی جس کے لیے انہوں نے 84 گیندوں کا سامنا کیا جبکہ شراکت میں دونوں بلے بازوں نے 135 رنز کا اضافہ کیا۔
پاکستان کو طویل شراکت کے بعد دوسرا نقصان فخر زمان کی صورت میں اٹھانا پڑا جب وہ ٹیم کے مجموعی اسکور 227 رنز پر 138 کی بہترین اننگز کھیل کر ووکس کی گیند پر آوٹ ہوئے۔
بابر اعظم بھی فخر زمان کے آؤٹ ہوتے ہی پویلین لوٹ گئے جنہوں نے 51 رنز بنائے، اس کے بعد آصف علی کا ساتھ دینے حارث سہیل آئے جو لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور صرف 14 رنز بنا کر آوٹ ہوئے تاہم کپتان سرفراز نے ان کا ساتھ دیا اور اسکور کو 323 تک پہنچا دیا۔
آصف علی نے دو چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 36 گیندوں میں 51 رنز بنائے اور انہیں ویلی نے آؤٹ کیا جبکہ عماد وسیم اور فہیم اشرف بھی کپتان کا ساتھ نہ دے پائے اور بالترتیب 8 اور 3 رنز بنا کر پویلین سدھار گئے۔
پاکستان نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 361 رنز بنائے اور میچ صرف 12 رنز سے ہارا۔
سرفراز احمد 41 اور حسن علی 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ویلی اور لیام پلنکٹ نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جوز بٹلر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ 14 مئی کو برسٹول میں کھیلا جائے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا گیا سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا جو بارش کی مسلسل مداخلت کے باعث ختم کر دیا گیا تھا۔
قبل ازیں سیریز کے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے زیر کیا تھا۔