• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
KandNs Publishing Partner

انضمام الحق کا وقت پورا ہوا، ورلڈکپ کے بعد عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان

شائع May 5, 2019 اپ ڈیٹ June 12, 2019
بورڈ کی جانب سے انضمام الحق کو بورڈ میں دوسرے عہدے کے ساتھ ملازمت جاری رکھنے کی پیشکش — فائل فوٹو: اے ایف پی
بورڈ کی جانب سے انضمام الحق کو بورڈ میں دوسرے عہدے کے ساتھ ملازمت جاری رکھنے کی پیشکش — فائل فوٹو: اے ایف پی

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے منتخب کی گئی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم چیف سلیکٹر انضمام الحق کا آخری اسائمنٹ تھا جس کے بعد انہیں اس عہدے سے ہٹا دیا جائے گا۔

باوثوق ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ سابق کپتان کو پی سی بی کی اعلیٰ انتظامیہ کی جانب سے ایک اجلاس کے دوران کہا گیا ہے کہ ان کا وقت پورا ہوگیا۔

پی سی بی کی جانب سے انضمام الحق کو یہ آپشن دیا گیا ہے کہ وہ پی سی بی میں دوسرا عہدہ لے کر اپنی ملازمت جاری رکھ سکتے ہیں۔

تاہم چیف سلیکٹر نے پی سی بی کی اس پیشکش کا اب تک کوئی جواب نہیں دیا۔

مزید پڑھیں: انضمام الحق پر بیٹے کی سلیکشن کیلئے اثرورسوخ استعمال کرنے کا الزام

واضح رہے کہ انضمام الحق کو 2016 میں سابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان کے دور میں چیف سلیکٹر مقرر کیا گیا تھا جبکہ وہ نجم سیٹھی کے دور میں بھی اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کے وزیراعظم بننے کے بعد نجم سیٹھی نے بطور چیئرمین پی سی بی استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد احسان مانی کو نیا چیئرمین مقرر کیا گیا جن کے آنے کے بعد بورڈ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں۔

یہاں یہ بات قابلِ غور ہے کہ احسان مانی کے چیئرمین بننے کے بعد سے لے کر اب تک پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی بالخصوص ایک روزہ کرکٹ میں خراب رہی ہے۔

پاکستان ٹیم کو ایشیا کپ میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا جہاں وہ فائنل کے لیے بھی کوالیفائی نہیں کرسکی اور بھارت کے ساتھ ہونے والے اپنے دونوں میچز ہارگئی۔

یہ بھی پڑھیں: پی سی بی چیئرمین کا انضمام اور باسط پر مکمل اعتماد کا اظہار

اس کے بعد متحدہ عرب امارات کے بعد پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز برابر رہی تھی جبکہ جنوبی افریقہ میں اسے 2-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بعد آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی 5 میچوں کی سیریز کے دوران انضمام اور سلیکشن کمیٹی نے ٹیم کے 5 اہم کھلاڑیوں کو آرام دینے کا فیصلہ کیا تھا جو ان کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوا اور ٹیم کینگروز سے وائٹ واش ہوگئی۔

واضح رہے کہ انضمام اور سلیکشن کمیٹی کا پی سی بی کے ساتھ معاہدہ 30 اپریل کو ختم ہونا تھا تاہم انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ کی وجہ سے اس معاہدے میں 31 جولائی تک کی توسیع کردی گئی تھی۔

تاہم انضمام الحق کی بطور چیف سلیکٹر ملازمت میں توسیع کے امکانات بہت ہی کم ہیں۔

مزید پڑھیں: انضمام اور باؤچر کیلئے میری لیبون کرکٹ کلب کی تاحیات ممبرشپ

2017 میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان ٹیم کی کامیابی انضمام الحق اور ان کی سلیکشن کمیٹی کی سب سے بڑی کامیابی تھی۔

امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اگر پاکستان کی ٹیم رواں ماہ شروع ہونے والے ورلڈکپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہے تو پی سی بی انضمام کو عہدے سے نہ ہٹانے کے دباؤ میں آجائے گا۔

اس کے علاوہ ڈان کے علم میں آیا ہے کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو بھی انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ کے بعد عہدے سے فارغ کردیا جائے گا۔


یہ خبر 05 مئی 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024