• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

شہباز سینئر کا استعفیٰ منظور، آصف باجوہ نئے سیکریٹری ہاکی فیڈریشن نامزد

شائع May 4, 2019
شہباز سینئر نے 2015 میں سیکریٹری ہاکی فیڈریشن کا عہدہ سنبھالا تھا—فائل/فوٹو:ڈان
شہباز سینئر نے 2015 میں سیکریٹری ہاکی فیڈریشن کا عہدہ سنبھالا تھا—فائل/فوٹو:ڈان

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر بریگیڈیئر(ر) خالد سجاد کھوکھر نے شہباز سینئر کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے اولمپئن آصف باجوہ کو فیڈریشن کا نیا سیکریٹری نامزد کردیا۔

پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈیئر(ر) خالد سجاد کھوکھر کا کہنا تھا کہ شہباز سینئر مکمل وقت نہیں دے پارہے تھے اور ان کی مصروفیات دوسے ادارے کے ساتھ زیادہ تھیں اس لیے مستعفی ہوگئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اولمپئن آصف باجوہ کو ہاکی فیڈریشن کا نیا سیکریٹری جنرل نامزد کردیا گیا ہے اور نئے سیکریٹری 6 مئی کو باقاعدہ طور اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔

صدر پی ایچ ایف نے کہا کہ شہباز سینئر ساڑھے تین سال تک فیڈریشن کے سیکریٹری رہے اور اپنی بساط سے بڑھ کر کام کیا تاہم وہ میرے پاس آئے تھے اور میں ان کا استعفیٰ قبول کرتا ہوں۔

مزید پڑھیں:ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری شہباز سینئر عہدے سے مستعفی

بریگیڈیئر(ر) خالد سجاد کھوکھر نے سابق سیکریٹری شہباز سینئر اور نئے سیکریٹری آصف باجوہ دونوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

یار دہے کہ شہباز سینئر دسمبر 2018 میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا اور اپنا استعفیٰ ہاکی فیڈریشن کو بھیجوا دیا تھا۔ انہوں نے اپنے استعفے میں حکومت اور وزارت بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے قومی کھیل پر توجہ نہ دینے پر ناراضی کا اظہار کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہاکی کا بنیادی ڈھانچہ موجود ہی نہیں ہے جس دن سے فیڈریشن میں آیا ہوں بار بار یہی کہا کہ اس نظام میں رہتے ہوئے ہاکی نہیں چل سکتی۔

شہباز سینئر کا کہنا تھا کہ متعدد مرتبہ حکومت اور وزارت کھیل کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا لیکن قومی کھیل کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر بہت افسوس ہوا۔

یہ بھی پڑھیں:شہباز سینئر پی ایچ ایف کے نئے سیکریٹری

انہوں نے شکوہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہاکی کو سہولیات نہیں دی جاتیں لیکن نتائج کا پوچھا جاتا ہے، نامساعد حالات کے باوجود پوری کوشش کرتا رہا لیکن اب ہاکی کی موجودہ صورت حال برداشت سے باہر ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ انقلابی اقدامات اور حکومتی مدد کے بغیر ہاکی ٹھیک نہیں ہوسکتی جبکہ وزارت بین الصوبائی رابطہ نے ایک فیصد بھی تعاون نہیں کیا۔

واضح رہے کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے نومبر 2018 میں شہباز سینئر کو 4 رکنی ایگزیکیٹو بورڈ میں رکن منتخب کیا تھا۔

جرمنی کے ڈاکٹر مائیکل گرین، شہباز سینئر کے ساتھ رکنیت حاصل کرنے والے دوسرے مرد امیدوار تھے۔

مزید پڑھیں:ورلڈکپ میں مایوس کن کارکردگی، قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ مستعفی

یاد رہے کہ شہباز سینئر نے ستمبر 2015 میں رانامجاہد کے استعفے کے بعد ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری کے طور پر چارج سنبھالا تھا۔

گزشتہ ورلڈ کپ کے بعد پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ توقیر ڈار نے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر استعفیٰ دیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ اگر ہم نے ہاکی پر توجہ نہیں دینی تو اسے بند کردیا جائے کیونکہ اسے بند کرنے سے کم از کم ہاکی کا یادگار ماضی لوگوں کی نظر میں ہوگا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Salman ahmad May 04, 2019 10:31pm
انتہائی انتہائی افسوناک خبر ہے ۔۔۔ پاکستان ہاکی ۔۔ آر، آئی،پی۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024