شیخ رشید کی اسد عمر سے ملاقات، کابینہ میں شمولیت کے لیے آمادہ کرنے کی کوشش
وزیر ریلوے شیخ رشید نے سابق وزیر خزانہ اسد عمر سے انہیں وفاقی کابینہ میں واپس بلانے کے لیے ملاقات کی۔
یہ ملاقات اسد عمر کے وزیر خزانہ کے عہدے سے مستعفی ہونے کے ایک ہفتے بعد سامنے آئی۔
اسد عمر نے کہا تھا کہ ’وزیر اعظم چاہتے تھے کہ میں وزیر توانائی کا قلمدان سنبھالوں تاہم میں نے انکار کردیا‘۔
آج کی ملاقات کے حوالے سے معلومات رکھنے والے ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنما اور عوامی مسلم لیگ کے بانی کے درمیان ہونے والی ملاقات کی تفصیلات سامنے نہیں لائی گئی ہیں۔
تاہم ان کا کہنا تھا شیخ رشید وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ چین کے 4 روزہ سرکاری دورے پر جارہے ہیں جس کے بعد وہ وطن واپس آکر اسد عمر سے دوبارہ ملاقات کرسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے وفاقی کابینہ میں بڑی تبدیلیوں میں اسد عمر نے بھی وزیر خزانہ کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔
ان کے استعفیٰ کے بعد شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ تحریک انصاف کے رہنما سے کابینہ کا حصہ رہنے کی درخواست کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’اسد عمر تحریک انصاف کا حصہ ہیں، وہ تحریک انصاف کے فلسفے کی نمائندگی کرتے ہیں اور انہوں نے عمران خان کے لیے کئی قربانیاں دی ہیں، مجھے یقین ہے کہ جلد یا دیر میں وہ کسی نہ کسی عہدے پر ملک کی خدمت کے لیے واپس آئیں گے‘۔