• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

’جیتنے کی گارنٹی نہیں دے سکتے، بہترین کھیل پیش کریں گے‘

شائع April 22, 2019 اپ ڈیٹ May 17, 2019

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں جیتنے کی گارنٹی نہیں دے سکتے لیکن بہترین کھیل پیش کریں گے۔

دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ کے لیے روانگی سے قبل لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مکی آرتھر اور قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ورلڈ کپ کے دوران بہترین کھیل پیش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ ورلڈکپ کے لیے بہترین تیاری کی ہے، جیتنے کی گارنٹی نہیں دے سکتے مگر بہترین کھیل پیش کریں گے۔

مکی آرتھر نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہماری ٹیم بہت اچھی ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارا ابتدائی ہدف کوالیفائی کرکے ٹاپ فور میں رسائی حاصل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں تمام میچز ہی اچھے کھیلنا ہوں گے، ٹیم میں جیتنے کی صلاحیت موجود ہے لیکن ورلڈکپ میں بہت اچھی ٹیمیں موجود ہوں گی۔

مزید پڑھیں: ورلڈ کپ سے قبل شاداب خطرناک وائرس کا شکار، انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر

ہیڈ کوچ نے کہا کہ ہماری ٹیم متوازن ہے، محمد حفیظ اور شعیب ملک کی باؤلنگ پر اعتماد ہے، محمد حفیظ نے ٹریننگ میں بھی بہترین کارکردگی دکھائی جس پر انتہائی خوشی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے اسکواڈ کی بات کی جائے تو ہمارے پاس تمام ہر طرح کا کھلاڑی موجود ہے ،محمد حفیظ اور شعیب ملک سے ان کے رول کے مطابق کام لیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں مکی آرتھر نے کہا کہ بابر اعظم کے اندر دنیا کا بہترین بیٹسمین بننے کی صلاحیت موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ میں بابر اعظم کا کردار بہت اہم ہے اگر وہ سنچری بنالیتے ہیں تو اس سے قومی ٹیم کو فائدہ ہوگا۔

یاسر شاہ سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ یاسر شاہ نے تیز ترین 200 وکٹیں حاصل کی ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اچھی باؤلنگ کرسکتے ہیں۔

مکی آرتھر نے کہا کہ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی سے مطمئن ہوں اور ان کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے۔

انہوں نے کہا کہ عثمان شنواری کی کارکردگی بہترین رہی ہے، یہ بدقسمتی ہےکہ وہ اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں تاہم ان کے مقابلے میں حسن علی ایک سینئر باؤلر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ کے لیے پاکستان ٹیم کا اعلان، محمد عامر ڈراپ

ہیڈ کوچ نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، فہیم اشرف کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے اور وہ آل راؤنڈر بننے کی کوشش کررہے ہیں۔

مکی آرتھر نے کہا کہ ہماری ٹیم کے کپتان ایک بہترین کھلاڑی ہیں، ان کا مزید کہنا تھا عماد وسیم کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے وہ بہت زیادہ محنت کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں اور کارکردگی پر توجہ مرکوز کی ہے اور فٹنس پر سمجھوتہ نہیں کیا۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ شاداب خان ابھی ورلڈکپ سے باہر نہیں ہوئے، امید ہے وہ واپس آجائیں گے، بدقسمتی ہے انگلینڈ کے خلاف شاداب خان کی خدمات حاصل نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں صرف ایک کھلاڑی پر انحصار نہیں، ہمارے پاس 15 کھلاڑیوں کا بہترین اسکواڈ موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ورلڈکپ میں جارحانہ کرکٹ کھیلیں گے،اگر ہم نے اپنی صلاحیت کے مطابق کھیلا تو آگے جائیں گے۔

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ہماری ٹیم کی تیاری بہت اچھی ہے، ہم نے کیمپ میں ورلڈکپ کی تیاری کے لیے بہت محنت کی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم بہت زبردست ہے، بیٹنگ لائن بہت اچھی ہے اور بہترین باؤلرز بھی موجود ہیں۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہم مکمل تیاری سے ورلڈ کپ کے لیے جارہے ہیں اور 100 فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں سرفراز احمد نے کہا کہ آسٹریلیا سیریز میں 7 سے 8 اہم کھلاڑی ٹیم کا حصہ نہیں تھے، جو ہم نے غلطیاں کیں انہیں دور کرنے کی کوشش کی ہے۔

مزید پڑھیں: ورلڈ کپ میں بہترین کاردگی دکھائیں گے، قومی کھلاڑی پُر عزم

میچ میں بیٹنگ سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ میں ٹاپ 5 میں بیٹنگ کروں، ہم نے بیٹنگ آرڈر تبدیل کیا ہے، شعیب ملک چھٹے نمبر پر بیٹنگ کریں گے۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ محمد حفیظ اور شعیب ملک بہترین کھلاڑی ہیں، ہم کوشش کریں گے ان دونوں سے مستفید ہوسکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیں دعوت دی، اس پر ان کا مشکور ہوں ،انہوں نے مجھے اور پوری ٹیم کو بہت سپورٹ کیا۔

سرفراز احمد نے کہا کہ ٹیم میں کوئی ایک ٹرمپ کارڈ نہیں، تمام ہی کھلاڑی میچ جتوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کا شمار دنیا کی ان تین، چار ٹیموں میں ہوتا ہے جس نے آئی سی سی کے تمام ایونٹ جیتے ہیں۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ عمران خان نے ورلڈکپ جیت کر اپنا نام بنایا، بطور کپتان میری بھی یہی کوشش ہے کہ ٹائٹل جیتوں اور اپنا نام بناؤں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024