• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

محسن عباس حیدر بھی ’بادشاہ بیگم‘ کا حصہ

شائع April 18, 2019
محسن عباس حیدر اس ویب سیریز کی شوٹنگ اکتوبر میں شروع کریں گے —فوٹو/ اسکرین شاٹ
محسن عباس حیدر اس ویب سیریز کی شوٹنگ اکتوبر میں شروع کریں گے —فوٹو/ اسکرین شاٹ

پاکستانی ہدایت کار رافع راشدی اس وقت اپنی ویب سیریز ’بادشاہ بیگم‘ پر کام کررہے ہیں، جس میں ایمان علی اور فیصل قریشی پہلی مرتبہ ایک ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے۔

اور اب ایک اور بہترین اور نامور پاکستانی اداکار اس سیریز کا حصہ بن چکے ہیں۔

اداکار محسن عباس حیدر کئی کامیاب پاکستانی فلموں میں اپنی اداکاری کے جلوے بکھیر چکے ہیں اور اب وہ اس ویب سیریز میں بھی ایک اہم کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔

مزید پڑھیں: فیصل قریشی ’بادشاہ‘ اور ایمان علی ’بیگم‘

ڈان سے بات کرتے ہوئے محسن عباس حیدر نے بتایا کہ رافع راشدی نے ان سے اس ویب سیریز میں کام کرنے کے لیے رابطہ کیا اور دونوں نے ہی محسن کے لیے نہایت مختلف کردار سوچے ہوئے تھے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ’میں اور رافع اس پروجیکٹ پر بات کررہے تھے، میں کسی اور کردار میں دلچسپی لے رہا تھا لیکن جب میں نے اسکرپٹ پڑھا تو مجھے وہی کردار زیادہ متاثر کن لگا جس کے لیے رافع نے مجھ سے رابطہ کیا تھا، اس لیے اب میں وہی کردار نبھا رہا ہوں‘۔

محسن عباس حیدر کے مطابق اس ویب سیریز میں وہ ایک ایسے بھائی کا کردار نبھانے جارہے ہیں جو باقی بھائی بہنوں میں سب سے سمجھدار ہوگا جبکہ اس کو اپنے مزاج پر کنڑول کرنا بھی آتا ہوگا۔

انہوں نے اس پروجیکٹ کو سائن کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ’میں نے اس پروجیکٹ کا حصہ بننے پر اس لیے ہامی دی کیوں کہ میں الگ انداز کی کہانیوں پر کام کرنا چاہتا ہوں اور یہ خاصی منفرد کہانی ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: بادشاہ بیگم: ایمان علی نے صبا قمر کی جگہ لے لی؟

محسن عباس حیدر، ایمان علی اور فیصل قریشی کے ہمراہ رواں سال اکتوبر میں اس ویب سیریز کی شوٹنگ کا آغاز کریں گے۔

ویب سیریز ’بادشاہ بیگم‘ بھائی بہنوں کے درمیان جھگڑوں کی کہانی ہے، اس میں خاندانی سیاست، صنفی تفریق اور مردوں کی حکومت دکھائی جائے گی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل فیصل قریشی کا ڈان سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’ابھی ہم نے اس سیریز پر کام کرنا شروع کیا ہے، اس کے اسکرپٹ اور کرداروں پر کام کیا جارہا ہے، میں بہت پرجوش ہوں، ایمان اور میں پہلی مرتبہ ایک ساتھ کام کرنے جارہے ہیں، جبکہ اس سیریز کی کاسٹ میں گوہر رشید اور عمران اشرف بھی موجود ہیں‘۔

فیصل قریشی کا کردار اس سیریز کا ولن ہوگا، ویب سیریز کا اسکرپٹ سجی گل نے تحریر کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024