• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کا عالمی ریکارڈ

شائع April 6, 2019
دونوں نے 2 اپریل کو آفیشل اکاؤنٹ بنایا—فوٹو: ہیلو میگزین
دونوں نے 2 اپریل کو آفیشل اکاؤنٹ بنایا—فوٹو: ہیلو میگزین

برطانوی شہزادے ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کے ہاں رواں برس اکتوبر تک پہلے بچے کی آمد ہوگی۔

اگرچہ ان کے ہاں بچے کی پیدائش کے حوالے سے بھی برطانیہ میں شرطیں لگنا شروع ہوگئی ہیں کہ جوڑے کا ہاں بیٹا ہوگا یا بیٹی، تاہم انہوں نے ایک نیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

شاہی جوڑے نے اپنے شاہی اعزاز یعنی ڈیوک آف سسیکس اور ڈچز آف سسیکس کے نام سے انسٹاگرام پر آفیشل اکاؤنٹ بنایا جس نے محض 6 گھنٹے سے بھی کم وقت میں نیا ریکارڈ بنالیا۔

گنیز بک ورلڈ آف ریکارڈ کے مطابق شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی جانب سے شاہی اعزاز کے نام سے بنائے گئے انسٹاگرام اکاؤنٹ نے 5 گھنٹے 45 منٹ میں عالمی ریکارڈ بنایا۔

شاہی جوڑے کی جانب سے رواں ماہ 2 اپریل کو بنائے گئے ’سسیکس رائل‘ کے نام سے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ بنایا۔

جوڑے کی جانب سے اکاؤنٹ بنائے جانے کے محض 5 گھنٹے 45 منٹ کے اندر اس کے فالوؤرز کی تعداد 10 لاکھ ہوگئی اور یہ پہلا موقع تھا کہ کسی انسٹاگرام اکاؤنٹ کے اتنے فالوؤرز ہوئے ہوں۔

اس سے زیادہ دلچسپ بات یہ ہے کہ جوڑے کی جانب سے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی پہلی پوسٹ کے بعد ان کے فالوؤرز کی تعداد بڑھ کر دگنی ہوگئی اور محض 2 پوسٹس شیئر کیے جانے کے بعد ان کے اکاؤنٹ کے فالوؤرز کی تعداد بڑھ کر 30 لاکھ ہوگئی۔

جوڑے کی جانب سے آفیشل اکاؤنٹ پر شیئر کی جانے والی پوسٹ میں اگرچہ کوئی تصویر نہیں دی گئی تھی، تاہم پھر بھی اسے 12 لاکھ سے زائد افراد نے لائک کیا۔

جوڑے کی جانب سے آفیشل اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی پوسٹ میں مداحوں کو بتایا تھا کہ یہ اکاؤنٹ ’ڈیوک آف سسیکس اور ڈچز آف سسیکس‘ کا آفیشل اکاؤنٹ ہے اور وہ اس اکاؤنٹ پر آنے والے افراد کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

مجموعی طور پر شاہی جوڑے کے آفیشل اکاؤنٹ پر 5 اپریل تک 5 پوسٹس شیئر کی گئی تھیں اور اس اکاؤنٹ کے فالوؤرز کی تعداد بڑھ کر 40 لاکھ تک پہنچ چکی تھی۔

خیال رہے کہ شاہی جوڑے سے قبل کم وقت میں زیادہ انسٹاگرام پر فالوؤرز کا ریکارڈ جنوبی کورین پاپ گلوکار 22 سالہ کنگ ڈینیل کے پاس تھا۔

ان کے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے 10 لاکھ فالوؤرز بنے تھے، تاہم ان کے فالوؤرز 11 گھنٹے 36 منٹ میں بنے تھے جب کہ شاہی جوڑے کے آفیشل اکاؤنٹ کے اتنے ہی فالوؤرز 6 گھنٹے سے بھی کم وقت میں بنے۔

کنگ ڈینیل سے قبل یہ اعزاز مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کے پاس تھا جن کے ایک ہی پوسٹ کے ذریعے 12 گھنٹوں میں 10 لاکھ فالوؤرز بنے تھے۔

اگرچہ تیزی سے فالوؤرز بنانے کا ریکارڈ برطانوی شاہی جوڑے کے پاس ہے، تاہم انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالوؤرز رکھنے کا اعزاز امریکی سپر ماڈل و ٹی وی اسٹار کم کارڈیشین کے پاس ہے جن کے 13 کروڑ 30 لاکھ فالوؤرز ہیں۔

دوسرے نمبر ان کی سوتیلی بہن ماڈل و ٹی وی اسٹار کایلی جینر ہیں جن کے انسٹاگرام پر 13 کروڑ 10 لاکھ فالوؤرز ہیں، تاہم تصاویر کو سب سے زیادہ پسند کیے جانے کا اعزاز کایلی جینر کے پاس ہے۔

گلوکارہ بیونسے تیسرے نمبر پر ہیں جب کہ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ چوتھے نمبر پر ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024