• KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:30pm Maghrib 5:07pm
  • ISB: Asr 3:29pm Maghrib 5:07pm
  • KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:30pm Maghrib 5:07pm
  • ISB: Asr 3:29pm Maghrib 5:07pm

ایف 16 طیارہ گرانے کا بھارتی جھوٹ بےنقاب: پاک فوج ثبوت سامنے لے آئی

شائع April 5, 2019 اپ ڈیٹ April 6, 2019
ایف 16 طیارہ مار گرانے کا بھارتی دعویٰ محض دعویٰ ہے، آئی ایس پی آر — فائل فوٹو: وکی میڈیا کامنز
ایف 16 طیارہ مار گرانے کا بھارتی دعویٰ محض دعویٰ ہے، آئی ایس پی آر — فائل فوٹو: وکی میڈیا کامنز

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھی پاکستان کا 'ایف 16' طیارہ گرانے کا بھارتی دعویٰ جھوٹا ثابت کرتے ہوئے 'مگ 21' مار گرانے کا ثبوت جاری کردیا۔

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ 'ایف 16 طیارہ مار گرانے کا بھارتی دعویٰ محض دعویٰ ہے، جبکہ بھارتی مگ 21 کو پاک فضائیہ نے مار گرایا۔'

انہوں نے انکشاف کیا کہ 'بھارت کے گرائے گئے مگ 21 کے چاروں میزائل کا ملبہ حاصل کر لیا گیا جو بھارتی جھوٹ کا ثبوت ہے، جبکہ چاروں میزائل درست حالت میں ہیں۔'

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ 'پاکستان اور اس کی پیشہ ور مسلح افواج ڈھول نہ پیٹ کر بردباری کا مظاہرہ کر رہی ہیں، جبکہ معاملے پر شیئر کرنے کے لیے ہمارے پاس اس سے زیادہ سچ موجود ہے۔'

واضح رہے کہ امریکی جریدے ’فارن پالیسی‘ نے بھارت میں ہونے والے انتخابات سے محض ایک ہفتہ قبل اپنی رپورٹ میں بھارتی دعوے کی قلعی کھول دی تھی، جس کا نقصان حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو انتخابی نتائج میں ہوسکتا ہے۔

امریکی رپورٹ کے مطابق ’دونوں جوہری ممالک کے درمیان فروری میں ہونے والی ایک فضائی جھڑپ کے بارے میں بھارت کا یہ دعویٰ کہ اس کے جنگی پائلٹ نے پاکستان لڑاکا طیارے ایف-16 کو مار گرایا غلط ثابت ہوا‘۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا کا ایف 16 کے معاملے پر ’موقف‘ اختیار کرنے سے گریز

رپورٹ میں کہا گیا کہ اس صورتحال کے حوالے سے باخبر امریکی عہدیداروں نے ’فارن پالیسی‘ کو بتایا کہ ’حال ہی میں امریکی اہلکاروں نے پاکستان کے تمام ایف-16 طیاروں کی گنتی کی جس میں معلوم ہوا کہ تمام طیارے موجود ہیں‘۔

امریکی حکام کی اس معلومات سے بھارتی فضائی حکام کے اس دعوے کی تردید ہوگئی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ونگ کمانڈر ابھی نندن کے طیارے نے پاکستانی میزائل کا نشانہ بننے سے قبل پاکستان کے ایف-16 طیارے کو مار گرایا تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ایسا ممکن ہے کہ جھڑپ کے دوران بھارتی طیارے مگ-21 میں سوار ابھی نندن نے پاکستانی ایف-16 پر ہدف لاک کیا ہو اور اس بات کا یقین کرلیا ہو کہ اس نے حقیقت میں ایف -16 کو نشانہ بنا دیا۔

تاہم امریکی حکام نے پاکستانی سرزمین پر جا کر گنتی کی جس کے نتیجے میں اس جھڑپ سے متعلق بھارتی موقف غلط ثابت ہوا، اور یہ بات سامنے آئی کہ بھارت نے اس دن کے واقعے کے بارے میں عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی 'جوابی کارروائی' میں جے ایف-17طیارہ استعمال ہوا، رپورٹ

امریکی جریدے کی رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے میجر جنرل آصف غفور نے ٹویٹ کیا تھا کہ 'تمام تعریفیں اللہ کے لیے ہیں، سچ ہمیشہ قائم رہتا ہے۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'بھارت کے لیے وقت ہے کہ وہ اپنے جھوٹے دعوے پر سچ بولے اور اپنے حقیقی نقصان کے بارے میں بتائے جس میں دوسرا طیارہ بھی شامل ہے جو پاکستان نے مار گرایا تھا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ 'بھارت کو اپنے گریبان میں جھانکنے کی ضرورت ہے خصوصاً کشمیر میں مظالم پر جبکہ خطے کو امن، ترقی اور خوشحالی کی ضرورت ہے۔'

کارٹون

کارٹون : 27 دسمبر 2024
کارٹون : 26 دسمبر 2024