ڈاکٹرز کا سابق وزیر اعظم نواز شریف کو مکمل آرام کا مشورہ
لاہور: شریف میڈیکل سٹی کے ڈاکٹرز نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا معائنہ کرنے کے بعد انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا۔
سپریم کورٹ نے علاج کی غرض سے 6ہفتوں کی ضمانت دی تھی جس کے بعد منگل کی رات انہیں کوٹ لکھپت جیل سے رہا کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کو 10، مریم نواز کو 7 سال قید بامشقت
جمعرات کو سابق وزیر اعظم نے شریف میڈیکل سٹی کا دورہ کیا جہاں ڈاکٹرز ان کے چیک اپ کے لیے لائن میں کھڑے تھے۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ کنسلٹنٹس کے پینل نے نواز شریف کا معائنہ کیا اور جمعہ کو ان کے مزید ٹیسٹ کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ انجائنا کا درد بڑھ جانے کے بعد ڈاکٹرز نے نواز شریف کو مکمل آرام کا مشورہ دیا، سابق وزیر اعظم کا دل اور گردہ صحیح کام نہیں کر رہے جس پر ڈاکٹرز نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دوائیاں لکھ کر دی ہیں۔
دو دہائی قبل اپنے خاندان کی جانب سے بنائے گئے ہسپتال میں کچھ وقت گزارنے کے بعد سابق وزیر اعظم رائیونڈ میں اپنی رہائش گاہ جاتی امرا کی جانب روانہ ہو گئے۔
ڈاکٹرز کے مشورے کے بعد نواز شریف نے جمعرات کو اپنی تمام تر ملاقاتوں کو منسوخ کردیا تھا اور ایک پارٹی رہنما نے ڈان کو بتایا کہ وہ اپنی حالت کی وجہ سے مسلم لیگ کے کارکنوں سے نہیں مل پائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں شریف خاندان کے لیے سب سے اہم چیز نواز شریف کی صحت پر توجہ دینا ہے اور جب تک ان کی حلات بہتر نہیں ہو جاتی، جاتی امرا میں کوئی سیاسی سرگرمی نہیں ہو گی۔
ہسپتال سے واپسی پر ان کی بیٹی مریم نواز نے ٹوئٹ کیا تھا کہ میااں نواز شریف کو آج شریف میڈیکل سٹی لے جایا گیا، ابتدائی جانچ اور طبی معائنہ ہو چکا ہے، یہ معائنہ کارڈیولوجی، میڈیسن، نیفرولوجی اور یورولوجی کے پروفیسرز نے کیا، انجائنا کا درد اصل مسئلہ تھا، مزید جانچ کل ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: سابق وزیراعظم نواز شریف کوٹ لکھپت جیل سے رہا
انہوں نے مزید ٹوئٹ کیا کہ ان کے دل کے مسائل مزید پیچیدہ ہو گئے ہیں اور پہلے سے زیادہ سنگین نوعیت اختیار کر گئے ہیں، تمام تر ٹیسٹ اور ڈاکٹرز کی تجاویز کی روشنی میں ہمیں اصل وجہ معلوم ہو جائے گی۔
العزیزیہ مل کرپشن کیس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کوٹ لکھپت جیل میں 7سال وید کی سزا کاٹ رہے تھے اور انہیں 6ماہ کی ضمانت کے عرصے میں ملک چھوڑنے اجازت نہیں ہے۔
یہ خبر 29مارچ 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔