• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

نیب کی سابق مشیر ہوا بازی مہتاب احمد کےخلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری

شائع March 14, 2019
نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں مزید انکوائریوں اور ریفرنسز  دائر کرنے کی منظوری
— فائل فوٹو: اے پی پی
نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں مزید انکوائریوں اور ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری — فائل فوٹو: اے پی پی

قومی احتساب بیورو (نیب) کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں سابق مشیر ہوا بازی مہتاب احمد کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

نیب کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب جاوید اقبال نے اجلاس میں 2 انکوائریوں اور 3 ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔

قومی احتساب بیورو نے سابق سیکریٹری کمیونی کیشن اینڈ ورکس ڈپارٹمنٹ بلوچستان کے سابق سیکریٹری غلام محمد اور دیگر افسران اور ٹھیکہ داران کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔

چیئرمین نیب نے سابق ڈائریکٹر جنرل لاڑکانہ ڈیولمپنٹ اتھارٹی اصغر شیخ اور دیگر کے خلاف انویسٹی گیشن کی منظوری بھی دی ہے۔

نیب نے سابق وزیر صحت گلگت بلتستان حاجی گلبار خان، سابق کنزرویٹر گلگت فاریسٹ ڈپارٹمنٹ محمد زمرد خان، حاجی نصیب خان،عبدالصمد،محمدقاسم اور دیگر کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مزید پڑھیں: نیب کا ریٹائرڈ سرکاری افسر کے گھر پر چھاپہ، 33 کروڑ روپے برآمد

ملزمان پر غیرقانونی طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے 7 ٹھیکیداروں کو قواعد و ضوابط کے برعکس اور جرمانہ وصول کیے بغیر جنگلات کی کٹائی اور نقل و حمل کے لیے پاسز جاری کرنے کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو تقریبا 4 کروڑ 57 لاکھ 30 ہزار روپے کانقصان پہنچا۔

ایگزیکٹوبورڈ کے اجلاس میں سابق مشیر برائے ایوی ایشن مہتاب احمد خان،سابق سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن عرفان الہی، سابق چیئرمین پی آئی اے مشرف رسول، محمد علی ٹبہ اور دیگر کے خلاف بدعنوانی کے ریفرنس دائر کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

ملزمان پر مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے قواعد و ضوابط کے برعکس مشرف رسول کو چیئرمین پی آئی اے تعینات کرنے کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا،مشرف رسول کی تعیناتی بھی غیرقانونی قرار دی جاچکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نیب کا شوکت عزیز سمیت اہم شخصیات کے خلاف تحقیقات کا فیصلہ

قومی احتساب بیورو نے سابق چیئرمین کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کامران علی قریشی، سابق ممبر اسٹیٹ سی ڈی اے اسد منیر، سابق ڈائریکٹر اسٹیٹ سی ڈی اے خالد محمود اور دیگر کے خلاف اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے قواعد و ضوابط کے برعکس غیرقانونی طور پر ایف الیون اسلام آباد میں پلاٹ کو بحال کرنےکے الزام میں ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی ہے۔

ایگزیکٹو بورڈ نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، میئر کراچی وسیم اختر، سابق وفاقی وزیر لیاقت علی جتوئی اور نواب محمد یوسف تالپور کے خلاف مشتبہ رقوم کی منتقلی کی شکایت کو پہلے سے جاری تحقیقات کے ساتھ منسلک کرنے کی منظوری دے دی۔

نیب نے سابق صوبائی وزیر برائے زکات و عشرسندھ دوست محمد اور دیگر کے خلاف عدم شواہد کی بنیاد پر قانون کے مطابق انکوائری بند کرنے کی منظوری دے دی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024