• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا فیصلہ

شائع February 25, 2019
کابینہ اجلاس میں سکھر میں آرٹ یونیورسٹی کے قیام کی منظوری دی گئی — فوٹو: ڈان نیوز
کابینہ اجلاس میں سکھر میں آرٹ یونیورسٹی کے قیام کی منظوری دی گئی — فوٹو: ڈان نیوز

مشیر اطلاعات سندھ مرتضٰی وہاب کا کہنا ہے کہ سندھ کابینہ نے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج(کے ایم ڈی سی) کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ میئر کراچی وسیم اختر نے کراچی میڈیکل اینڈ کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دیے جانے کی تجویز پیش کی تھی جسے منظور کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کے ایم ڈی سی کو یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے گا،جس کا مسودہ تیار کرنے کے لیے سندھ حکومت کی کابینہ نے وزرا پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی ہے جو اس مسودے کو منظور کرے گی۔

مزید پڑھیں: سندھ کے ڈاکٹروں کا احتجاج مطالبات کی منظوری پر ختم

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کے بعد کراچی میں سندھ کے عوام کے لیے ایک اور ہیلتھ یونیورسٹی قائم کی جائے گی۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ کابینہ نے ڈاکٹروں سے کیے گئے وعدوں کے مطابق سندھ کے ڈاکٹروں کو پنجاب کے پے اسکیل کے مطابق تنخواہیں دی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے اس بات پر زور دیا کہ جو ڈاکٹر اچھا کام کریں گے انہیں مراعات دی جائیں گی اور فرائض پورا نہ کرنے والے ڈاکٹروں کے خلاف شعبہ ہیلتھ کارروائی کرے گا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سکھر میں اروڑ یونیورسٹی آف آرٹ آرکیٹیکچر ڈیزائن اینڈ ہیریٹیج کے نام سے ایک یونیورسٹی کے قیام کی منظوری دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سکھر میں قائم کی جانے والی یونیورسٹی کی عمارت 70 فیصد مکمل ہوگئی ہے جس کا چارٹر کا بل بھی آج منظور کرلیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے پر ڈاکٹرز سراپا احتجاج، سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز بند

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یونیورسٹی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت قائم کی جائے گی، یونیورسٹی کا بنیادی مقصد سندھ کے خوبصورت ماضی اور ثقافتی ورثے کی حفاظت کرنا ہے اور سندھ کے بچوں کو ثقافتی ورثے کی حفاظت کی تعلیم سے روشناس کروانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ نے سندھ کے 29 اضلاع میں خواتین کے لیے قائم سیف ہاؤسز کے انفراسٹرکچر میں بہتری کی درخواست کی تھی جس کے لیے 145 ملین روپے کی منظوری دی ہے۔

مشیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت نے شعبہ صحت کو ای پی ایچ آئی سے آئندہ 5 سال کے لیے نیا معاہدہ کرنے کی منظوری دے دی۔

انہوں نے کہا کہ نیو کراچی میں قائم بچوں کے ہسپتال کے لیے ادائیگیوں کی منظوری دی گئی ہے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق کراچی میں تجاوزات اور ماسٹر پلان سے متعلق وزیر ٹرانسپورٹ،وزیر بلدیاتی حکومت پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قانون کے تحت کمرشلائز کی جانے والی جگہوں سے متعلق سپریم کورٹ کو آگاہ کیا جائے گا اور شہریوں کو نقصان سے بچانے کے لیے درمیانی راستہ اختیار کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں : سندھ حکومت کا اضافی سرکاری گاڑیاں نیلام کرنے کا فیصلہ

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس میں کشمیر کے مسئلے پر بات چیت کی گئی اور پاکستان کے خلاف بھارت کے شرانگیز پروپیگنڈے کی پُرزور مذمت کی گئی۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا سندھ کابینہ نے کہا کہ بھارت کے مذموم عزائم کو بے نقاب کریں گے،سندھ حکومت کشمیر کے مسئلے پر ریاست پاکستان کے ساتھ ہے ۔

مشیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ کابینہ نے اس بات پر زور دیا کہ وفاقی حکومت مسئلہ کشمیرکو عالمی فورمز میں ااٹھائے اس سلسلے میں سندھ حکومت خدمات سرانجام دینے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے کابینہ اجلاس میں کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی شدید مذمت کی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024