کروڑوں روپے کا بینکنگ فراڈ کیس: مجرموں کو قید، بھاری جرمانے کی سزا
پنجاب کے علاقے منڈی بہا الدین میں خصوصی بینکنگ عدالت نے پنجاب بینک میں ہونے والی کروڑوں روپے کی بدعنوانی سے متعلق کیس میں مجرم ثابت ہونے پر بینک کے افسران کو طویل قید اور بھاری جرمانے کی سزا سنادی۔
خصوصی بینکنگ عدالت کے جج ملک منیر احمد جوئیہ نے پنجاب بینک میں کروڑوں روپے کے بدعنوانی کیس کا فیصلہ سنایا۔
مزید پڑھیں: آن لائن بینکنگ فراڈ: 2 شہری لاکھوں روپے سے محروم
خیال رہے کہ پنجاب بینک میں بدعنوانی سے متعلق مقدمہ 149/18 فروری 2018 میں تھانہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے درج کیا تھا۔
عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے پر پنجاب بینک پھالیہ روڑ برانچ کے سابقہ ایریا منیجر، کیشر اور ٹی او افسر کو طویل بامشقت قید اور بھاری جرمانے کی سزا سنائی۔
یہ بھی پڑھیں: ’10 ماہ میں 1244 بینک فراڈ کیسز رپورٹ ہوئے‘
عدالت نے مجرموں، ایریا منیجر عبدالحمید کو 41 سال، کیشر عرفان اور ٹی او افسر عمیر کو 24، 24 سال قید کا حکم دیا۔
اس کے علاوہ عدالت نے تنیوں مجرموں کو 75 لاکھ 45 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم بھی دیا جبکہ جرمانے کی عدم ادائیگی پر مجرموں کو مزید ڈھائی سال قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔