• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پی ایس ایل کے اگلے سیزن کے تمام میچ پاکستان میں ہوں گے،نعیم الحق کا دعویٰ

شائع February 16, 2019 اپ ڈیٹ February 28, 2019
پی ایس ایل کے گزشتہ دو ایونٹس کے فائنل پاکستان میں کھیلے گئے —فوٹو:پی ایس ایل ٹویٹر
پی ایس ایل کے گزشتہ دو ایونٹس کے فائنل پاکستان میں کھیلے گئے —فوٹو:پی ایس ایل ٹویٹر

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق نے پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے اگلے سیزن کے تمام میچوں کو پاکستان میں کروانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں خالی اسٹیڈیمز سے وزیراعظم کے فیصلے کی توثیق ہوئی ہے۔

نعیم الحق نے ٹویٹر میں جاری اپنے بیان میں کہا کہ ‘متحدہ عرب امارات میں پی ایس ایل کے میچوں میں خالی اسٹیڈیمز سے وزیر اعظم عمران خان کے اگلے سال پورے پی ایس ایل کو پاکستان منتقل کرنے کے فیصلے کی وضاحت ہوئی ہے’۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے دعویٰ کیا کہ ‘انشااللہ پاکستان کے تمام بڑے شہروں کے پرہجوم میدانوں میں میچ کھیلے جائیں گے’۔

یاد رہے کہ 2016 میں پی ایس ایل کے پہلے سیزن کے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں ہوئے تھے تاہم 2017 میں ٹورنامنٹ کا فائنل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے 2017 میں اعلان کیا تھا کہ اگلے سیزن میں پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: کیا حکومتی بچت مہم پی ایس ایل تک بھی پہنچ گئی؟

پی ایس ایل 2018 کا فائنل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا جبکہ فائنل سے قبل دو میچ لاہور میں کھیلے گئے تھے۔

نجم سیٹھی کی قیادت میں گزشتہ پی ایس ایل حکام نے کہا تھا کہ بتدریج پی ایس ایل کو پاکستان منتقل کردیا جائے گا جس کے بعد پاکستان بین الاقوامی کرکٹ بحال ہوگی۔

یاد رہے کہ 2009 میں لاہور میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان پر بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہوئے تھے تاہم پاکستان میں سیکیورٹی کی صورت حال بہتر ہوتے ہی پہلے پی ایس ایل اور پھر ورلڈ الیون شامل عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں نے پاکستان کا دورہ کیا۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے گزشتہ برس پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی گئی تھی جس کے بعد امید کی جارہی تھی اب پاکستان میں دیگر ٹیمیں بھی آئیں گی۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل کے دوسرے روز ’بچوں میں کینسر کی آگاہی کا دن‘ منایا گیا

پی ایس ایل کی ٹیم پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل پشاور کا دورہ کرکے دیگر کھلاڑیوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ اب پاکستان میں سیکیورٹی کے حوالے سے مسائل نہیں ہیں۔

پاکستان میں پی ایس ایل کے جتنے میچز گزشتہ دو برسوں میں ہوئے ان میں تماشائیوں کی بڑی تعداد میدان میں موجود تھی جبکہ ایک کثیر تعداد ٹکٹ نہ ملنے کے باعث اسٹیڈیم جانے سے محروم رہی تھی۔

پی ایس ایل کے میچوں کے لیے اس وقت کی حکومتوں نے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے تھے اور تمام روٹس پر پاک فوج، پولیس اور رینجرز سمیت دیگر فورسز کے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024