• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

سرفراز کو ورلڈ کپ 2019 تک کپتان بنانے کا اعلان

شائع February 5, 2019
احسان مانی نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم سرفراز احمد کی قیادت میں دوبارہ عالمی چیمپیئن بنیں گے۔ فوٹو: بشکریہ پی سی بی
احسان مانی نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم سرفراز احمد کی قیادت میں دوبارہ عالمی چیمپیئن بنیں گے۔ فوٹو: بشکریہ پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے سرفراز احمد کو ورلڈ کپ 2019 تک پاکستان کرکٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کردیا۔

منگل کو لاہور میں سرفراز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسان مانی نے کہا کہ سرفراز ہی پاکستان کے کپتان ہیں اور ورلڈ کپ میں وہ ہی پاکستان ٹیم کی قیادت کریں گے۔

مزید پڑھیں: ٹی20 کا بدترین ریکارڈ عثمان شنواری کے نام

انہوں نے کہا کہ سرفراز کی پاکستان کرکٹ کے لیے خدمات سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ وہ قیادت کی صلاحیتوں سے مالا مال ہیں جہاں انہوں نے انڈر 19، کراچی اور پی آئی اے کی قیادت کی اور ریکارڈ بہت اچھا رہا ہے۔

پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ جب سرفراز 2017 میں کپتان بنے تو ہماری ٹیم ون ڈے کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں 9ویں نمبر پر موجود تھی اور ٹیم کی تنزلی کا خطرہ بھی موجود تھا جس کے نتیجے میں ہمیں ورلڈ کپ کا کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا پڑتا لیکن یہ ٹیم کو اٹھا کر لائے جو آج پانچویں نمبر پر موجود ہے۔ پانچویں رینکنگ بھی کم ہے لیکن امید ہے کہ آگے بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔

احسان مانی نے مزید کہا کہ ہر سیریز کے بعد قیادت کے حوالے سے قیاس آرائیاں شروع ہو جاتی ہیں لیکن میں واضح کردوں کہ سرفراز پاکستان ٹیم کے کپتان ہیں اور آگے بھی رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی نے سرفراز احمد پر 4 میچز کی پابندی لگا دی

’سرفراز احمد آسٹریلیا سیریز کے ساتھ ساتھ ورلڈ کپ میں بھی قیادت کریں گے اور ورلڈ کپ بعد ہم ان کی کارکردگی کا جائزہ لے کر فیصلہ کریں گے کہ ہمیں آگے کیا قدم اٹھانا ہے‘۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ رواں سال انگلینڈ میں کھیلا جائے گا جس میں دنیا کی صف اول کی 10 ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ہم سب سرفراز کو بحیثیت کپتان سپورٹ کریں گے اور انشااللہ ہم انہی کی قیادت میں دوبارہ عالمی چیمپیئن بنیں گے۔

سرفراز احمد نے چیئرمین پی سی بی کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ وہ ان کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت میرے لیے بہت فخر کی بات ہے اور یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میرا شمار عمران خان، وسیم اکرم، مصباح الحق اور شاہد آفریدی جیسے ان عظیم کپتانوں میں ہو گا جو ورلڈ کپ میں قیادت کر چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: سرفراز پر پابندی: چیئرمین پی سی بی کی آئی سی سی پر کڑی تنقید

ایک سوال کے جواب میں احسان مانی نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز ہمیں جیتنی چاہیے تھی لیکن جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں ہم ایک میچ 300 سے زائد رنز بنانے کے باوجود بارش کے باعث ہار گئے، ہار جیت کرکٹ کا حصہ ہے لیکن ہمیں ہارنے سے سبق سیکھنا چاہیے۔

سرفراز نے ایک سوال کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں دو سال سے کپتان ہوں اور اس بارے میں زیادہ نہیں سوچتا کہ میں آگے کپتان رہوں گا یا نہیں۔ نئے چیئرمین پی سی بی نے مجھے شورع سے مکمل اعتماد دیتے ہوئے کہا تھا کہ آپ ہی پاکستان ٹیم کے کپتان ہیں اور میں اس اعتماد پر ان کا اور بورڈ کے دیگر اراکین کا شکر گزار ہوں۔

کسی سینئر کھلاڑی کو کپتان بنانے کے حوالے سے سوال پر مانی نے کہا کہ ہمیں آگے کا بھی دیکھنا ہے، صرف ورلڈ کپ کا نہیں اور ورلڈ کپ کے بعد کی بھی ٹیم تیار کرتے ہوئے آئندہ چار سے پانچ سال کے لیے ٹیم تیار کر رہی ہے۔

سرفراز احمد کی بیٹنگ صلاحیتوں اور دنیا کی دیگر ٹیموں کے کپتانوں سے موازنے کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ سرفراز کو میرٹ کی بنیاد پر کپتان بنایا گیا ہے، ہم ٹی20 میں عالمی نمبر ہیں اور کپتان فوراً نہیں بنتے بلکہ اس میں وقت لگتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اللہ نے چاہا تو ورلڈکپ میں ضرور کپتان ہوں گا، سرفراز احمد

انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد نے بیٹنگ میں چند اچھی اننگز بھی کھیلی ہیں اور سرفراز کی وکٹ کیپنگ کی بات کی جائے تو میرے خیال میں اس وقت ان سے بہتر وکٹ کیپر شاید دنیا میں کوئی نہیں۔

احسان مانی نے ٹیسٹ کرکٹ میں بھی سرفراز کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں مختلف ٹیمیں ہر فارمیٹ کے لیے الگ کپتان بناتی ہیں لیکن ہمارے لیے یہ موزوں نہیں، ہمیں سرفراز سے امید ہے کہ وہ جلد ٹیسٹ میں بھی ٹیم کو فتوحات کی راہ پر گامزن کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024