وزیراعظم کی کیمرون منٹر سے ملاقات، تعلقات میں بہتری پر زور
وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان میں تعینات سابق امریکی سفیر کمیرون منٹر سے ملاقات کی اور پاک امریکا تعلقات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے تعلقات میں بہتری پر زور دیا۔
وزیراعظم آفس کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے دوطرفہ باہمی مفادات اور اعتماد پر مبنی پاک امریکا تعلقات کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں قیام امن اور استحکام کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے ہمسائے افغانستان میں قیام امن کی کوششوں کی حمایت بھی جاری رکھے گا۔
مزید پڑھیں: ٹرمپ، عمران ملاقات میں مشترکات پیدا کرسکتےہیں، سابق امریکی سفیر
سابق امریکی سفیر کیمرون منٹر نے وزیراعظم عمران خان کو بتایا کہ انہوں نے بطور سفیر اور صدر ایسٹ ویسٹ انسٹی ٹیوٹ دونوں ممالک کے تعلقات کی بہتری کے لیے کام کیا۔
کیمرون منٹر کا کہنا تھا کہ واشنگٹن اسلام آباد کو اپنی قومی سلامتی اور اس خطے میں اپنے مفادات کے لیے اہم ملک سمجھتا ہے۔
ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان نے زور دیا کہ سماجی و اقتصادی اقدامات کرکے پاکستانی شہریوں کے معیارِ زندگی بہتر بنانا ان کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان اور سابق امریکی سفیر کیمرون منٹر کی ملاقات میں پاک امریکا تعلقات اور عالمی و علاقائی امور پر بھی بات چیت کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کا عمران خان کو خط، افغان طالبان کو مذاکرات کیلئے آمادہ کرنے کی درخواست
خیال رہے کہ 2 روز قبل کیمرون منٹر نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک امریکا تعلقات میں بہتری کی امید کا اظہار کیا تھا۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات ہوئی تو وہ باہمی مشترکات پیدا کرلیں گے۔
بعدازاں وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ کیمرون منٹر اب امریکی سفیر نہیں ہیں اسی وجہ سے انہیں معلوم نہیں ہے کہ اب پاکستان اور مریکا کے تعلقات میں بہتری آرہی ہے۔