• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

مہمند ڈیم کی افتتاحی تقریب ایک مرتبہ پھر ملتوی

شائع January 13, 2019
وزیراعظم اور چیف جسٹس کو تقریب کے مہمان خصوصی رکھا گیا تھا—فائل/فوٹو:ڈان
وزیراعظم اور چیف جسٹس کو تقریب کے مہمان خصوصی رکھا گیا تھا—فائل/فوٹو:ڈان

خیبر پختونخوا (کے پی) میں بننے والے مہمند ڈیم کی افتتاحی تقریب 2 جنوری کے بعد ایک مرتبہ پھر ملتوی کردی گئی۔

کے پی کے وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ مہمند ڈیم کی افتتاحی تقریب اسی مہینے دوبارہ ملتوی کردی گئی ہے اور نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا افتخار درانی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مہمند ڈیم کی افتتاح کی تاریخ تبدیل کر دی گئی ہے اور نئی تاریخ کا اعلان چیف جسٹس میاں ثاقب نثار سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس ثاقب نثار بھی مہمنڈ ڈیم کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔

افتخار درانی نے تنازعات کے باعث منصوبے کے التوا کے خدشے کو مسترد کیا اور کہا کہ منصوبے کا ٹھیکا سابق حکومت کے دور میں ہوا تھا اور اس معاملے پر موجودہ حکومت کا کوئی کردار نہیں ہے۔

خیال رہے کہ مہمند ڈیم کی افتتاحی تقریب 2 جنوری کو طے کی گئی تھی لیکن منصوبے کے ٹھیکے پر سامنے آنے والے تنازع کے باعث تقریب کو ملتوی کردیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:'وزیراعظم کو جاکر بتادیں کہ اب وہ خود ڈیم کا افتتاح کریں'

گزشتہ ہفتے سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے حکومت کی جانب سے ڈیم کے افتتاح کی تقریب پر ان سے مشاورت نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ تقریب میں شریک نہیں ہوں گے۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے 7 دسمبر کو سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران حکومت کی جانب سے نئی گنج ڈیم کی تعمیر کی تاریخ تبدیل کیے جانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے تھے کہ حکومت نے اپنے طور پر ڈیم کی تعمیر کے لیے کچھ نہیں کیا، سپریم کورٹ نے ہی ڈیمز کی تعمیر کے لیے اقدامات کیے، وزیراعظم کو جاکر بتادیں کہ اب وہ خود جاکر ڈیم کا افتتاح کریں۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے فیصل واوڈا کو مخاطب کرتے ہوئے حکومت سے شکوہ کیا کہ مہمند ڈیم کی گراونڈ بریکنگ تاریخ آپ نے بدل دی، مجھے بتائے بغیر ایسا کیا گیا اور مجھے بتانا بھی مناسب نہیں سمجھا۔

یہ بھی پڑھیں:مہمند ڈیم کے ٹھیکے پر تنازع: پیپلز پارٹی کی نیب میں درخواست

فیصل واوڈا نے عدالت سے کہا کہ وہ حکومت کی جانب سے معافی مانگتے ہیں، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہو سکتا ہے کہ اب میں اس کی گراونڈ بریکنگ میں شامل ہی نہ ہوں۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ آپ کو ضرور شرکت کرنا ہوگی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آئندہ سماعت پر چاروں وزراء آکر بتائیں کہ کیا کرنا ہے، وزیر اعظم کو معلوم ہی نہیں کہ کتنے معاملات پڑے ہوئے ہیں۔

جس پر فیصل واوڈا نے کہا کہ آپ کو ڈیم کی افتتاح کے لیے بھی بلائیں گے اور میں بھی آپ سے آنے کی درخواست کروں گا۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے اہم اقدامات کرتے ہوئے گزشتہ برس جولائی میں ڈیم فنڈ قائم کیا تھا اور تمام پاکستانیوں سے اس فنڈ میں حصہ لینے کی اپیل کی تھی۔

مہمند اور دیامر بھاشا ڈیم کے لیے قائم فنڈ کو بعد ازاں وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر اس کو مشترکہ فنڈ میں تبدیل کیا گیا تھا جہاں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے بھی اپنا حصہ ڈالا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے دسمبر میں جاری کیے گئے اعداد وشمار کے مطابق 8 ارب 46 کروڑ روپے جمع ہوچکے تھے۔

مزید پڑھیں:ڈیم فنڈ کی مہم میں میڈیا کا بہت بڑا کردار ہے، چیف جسٹس

مہمند ڈیم کی افتتاحی تقریب میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار اور وزیراعظم عمران خان مہمانان خصوصی تھے۔

خیال رہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم کے مشیر رزاق داؤد کی کمپنی کو مہمند ڈیم کی تعمیر کا مبینہ طور پر غیر قانونی ٹھیکہ دیا گیا۔

30 دسمبر 2018 کو حکومت نے 2 جنوری کو ہونے والی مہمند ڈیم منصوبے کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کو منسوخ کردیا تھا۔

مہمند ڈیم پر 309 ارب روپے کی لاگت آئے گی جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ ملک میں پانی کی کمی کو پورا کرے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024