وزیراعظم کی قابل تجدید توانائی پالیسی کو جنوری تک حتمی شکل دینے کی ہدایت
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے قابل تجدید توانائی کے بارے میں پالیسی کو جنوری کے آخر تک حتمی شکل دینے کی ہدایت کردی۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ کی کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزیر اعظم نے توانائی کے شعبے میں متعلقہ محکموں کے درمیان تعاون میں بہتری اور نظم و نسق کے مسائل کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے توانائی کے شعبے میں طلب اور رسد کی بروقت اور درست تخمینے کی ضرورت پر بھی زور دیا، تاکہ توانائی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: 'پاکستان کو کوئلے کے بجائے توانائی کے ماحول دوست ذرائع اپنانے چاہئیں'
وزیر اعظم کو موسم سرما میں سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے گیس مینجمنٹ پلان کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں فرنس آئل کی مزید درآمد پر فوری پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔
عمران خان نے تیل صاف کرنے والے کارخانوں کی مشاورت سے موجودہ سہولتوں میں بہتری اور اضافی فرنس آئل کو برآمد کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر تفصیلی منصوبہ بنانے کی ہدایت کی۔