• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

ہاکی ورلڈ کپ کا بڑا اپ سیٹ، فرانس نے ارجنٹینا کو شکست دے دی

شائع December 7, 2018
میچ کا پانچواں گول اسکور کرنے پر فرانس کے کھلاڑی جشن منا رہے ہیں— فوٹو: بشکریہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن
میچ کا پانچواں گول اسکور کرنے پر فرانس کے کھلاڑی جشن منا رہے ہیں— فوٹو: بشکریہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن

ہاکی ورلڈ کپ 2018 میں فرانس نے ارجنٹینا کو شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کردیا جبکہ اسپین اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ 2-2 گول سے برابر رہا۔

بھارت کے شہر بھوبھنیشور میں جاری عالمی کپ میں فرانس نے ارجنٹینا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3-5 سے شکست دے دی۔

جمعرات کو کلنگا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیمیں گول اسکور کرنے میں ناکام رہیں لیکن دوسرے کوارٹر میں فرانس کے کپتان ہوگو گنیسٹٹ نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی اور پانچ منٹ بعد بھی وکٹر چارلیٹ نے پینالٹی کارنر پر گول کر کے برتری دگنی کردی۔

ارجنٹینا کی مشکلات میں اس وقت اضافہ ہو گیا جب فرانس نے تیسرا گول کر کے میچ میں 0-3 کی برتری حاصل کر لی۔ ہاف ٹائم سے قبل ارجنٹائن نے گول کر کے خسارہ کم کرنے کی کوشش کی لیکن فرانس نے ایک اور حملہ کرتے ہوئے دوبارہ تین گول کی برتری حاصل کر لی۔

میچ کے تیسرے کوارٹر کے اختتام سے قبل ارجنٹینا کے لوکاس مارٹینیز کے پاس پر پیلٹ نے گول کر کے ایک مرتبہ پھر خسارہ کم کردیا لیکن ابھی بھی فرانس کو 2-4 کی برتری حاصل تھی۔

میچ کے آخری کوارٹر کے دوسرے ہی منٹ میں ارجنٹینا کے پیلٹ نے گول کر کے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کر کے مقابلہ سنسنی خیز بنانے کی کوشش کی لیکن فرینکوئس گوئٹ نے فرانس کے لیے پانچواں گول کر کے اپنی ٹیم کو میچ میں 3-5 کی شاندار فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

دن کے دوسرے میچ میں اسپین اور نیوزی لینڈ کے درمیان مقابلہ 2-2 گول سے برابر رہا۔

میچ میں اسپین کی ٹیم نے 0-2 کی برتری حاصل کی اور فتح کی جانب گامزن تھی لیکن آخری کوارٹر میں نیوزی لینڈ نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے یکے بعد دیگرے دو گول داغ کر میچ 2-2 سے برابر کردیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024