ولیمسن، نکولس کی ڈبل سنچری شراکت، ابوظہبی ٹیسٹ ڈرا کی جانب گامزن

شائع December 6, 2018
کین ولیمسن اور ہنری نکولس ڈبل سنچری شراکت پر ایک دوسرے کو مبارکباد دے رہے ہیں جبکہ یاسر شاہ اور سرفراز احمد وکٹ نہ ملنے پر پریشان نظر آ رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
کین ولیمسن اور ہنری نکولس ڈبل سنچری شراکت پر ایک دوسرے کو مبارکباد دے رہے ہیں جبکہ یاسر شاہ اور سرفراز احمد وکٹ نہ ملنے پر پریشان نظر آ رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

کین ولیمسن اور ہنری نکولس کے درمیان ڈبل سنچری شراکت کی بدولت نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے اور اسے مجموعی طور پر 198رنز کی برتری حاصل ہے۔

ابوظہبی میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے 26رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے مزید 48رنز کے خسارے کا سامنا تھا۔

پاکستان کو دن کی پہلی کامیابی کے لیے زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا اور یاسر شاہ نے نائٹ واچ مین ولیم سومر ویل کو پویلین لوٹ کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔

نئے بلے باز روس ٹیلر نے آتے ہی روایتی جارحانہ انداز اپنایا اور چوکوں کی برسات کردی لیکن پہلا میچ کھیلنے والے شاہین آفریدی نے ان کی 14 گیندوں پر 22رنز کی اننگز کا خاتمہ کر کے پاکستان کو دن کی دوسری کامیابی دلا دی۔

60رنز پر 4وکٹیں گنوانے کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم شدید مشکلات سے دوچار تھی کیونکہ اسے پاکستان کی پہلی اننگزکا خسارہ ختم کرنے کے لیے مزید 14رنز درکار تھے۔

پاکستان نے دن کے پہلے ہی گھنٹے میں دو وکٹیں حاصل کر کے اپنی پوزیشن مضبوط کر لی تھی لیکن اس موقع پر کپتان کین ولیمسن اور ہنری نکولس پاکستانی باؤلرز کے خلاف ڈٹ گئے۔

دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام پاکستانی باؤلرز کا خوب امتحان لیا اور بقیہ دونوں سیشنز میں ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔

اس شراکت کو برقرار رکھنے میں پاکستانی فیلڈرز خصوصاً یاسر شاہ نے اہم کردار ادا کیا جنہوں نے دو مواقعوں پر ولیمسن کا کیچ ڈراپ کیا۔

ولیمسن 80 کے اسکور پر کھیل رہے تھے جب بلال آصف کی گیند پر یاسر شاہ ان آسان کیچ تھامنے میں ناکام رہے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کین ولیمسن نے شاندار سنچری اسکور کی۔

پاکستان کو اس کے بعد ایک مرتبہ پھر وکٹ لینے کا موقع ملا لیکن لیگ اسپنر اپنی ہی گیند پر 106رنز پر کھیلنے والے نیوزی لینڈ کے کپتان کا کیچ تھامنے میں ناکام رہے۔

اس حوالے یاسر شاہ بھی بدقسمت رہے اور 50 کے انفرادری اسکور پر یاسر شاہ کی گیند پر شارٹ لیگ پر کھڑے فیلڈر ہنری نکولس کا کیچ تھامنے میں ناکام رہے۔

دوسرے اینڈ پر موجود نکولس نے بھی سنبھل کر بیٹنگ کی اور پاکستان کی دفاعی باؤلنگ کا ریورس سوئپ شاٹس سے بھرپور جواب دیتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی۔

جب میچ کے چوتھے دن کا کھیل ختم ہوا نیوزی لینڈ نے 4وکٹوں کے نقصان پر 272رنز بنائے تھے اور اسے دوسری اننگز میں مجموعی طور پر 198رنز کی برتری حاصل ہے۔

ولیمسن 139 اور نکولس 90رنز پر کھیل رہے ہیں اور اب تک دونوں کھلاڑی پانچویں وکٹ کی شراکت میں 212 رنز جوڑ چکے ہیں۔

نیوزی لینڈ کی موجودہ پوزیشن کو دیکھتے ہوئے میچ ڈرا کی جانب گامزن نظر آتا ہے اور میچ کے پانچویں اور آخری دن مہمان ٹیم مزید کچھ رنز جوڑ کر پاکستان کو ہدف دے کر مشکلات سے دوچار کر سکتی ہے۔

یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔

کارٹون

کارٹون : 2 جنوری 2025
کارٹون : 1 جنوری 2025