نیوزی لینڈ کے 274 رنز کے جواب میں پاکستان کے 3وکٹوں پر 139رنز
پاکستان نے بلال آصف کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو 274 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد اظہر علی کی نصف سنچری سے تقویت پاتے ہوئے تین وکٹوں کے نقصان پر 139رنز بنا لیے ہیں۔
ابوظہبی میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن نیوزی لینڈ نے 229 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو پاکستانی باؤلر کو ان کی مضبوط دفاعی حکمت عملی کی وجہ سے وکٹ لینے میں مشکلات کا سامنا رہا۔
بلال آصف نے اپنی شاندار اسپن کے ذریعے ولیم سمرویلے کو بولڈ کرکے اس پارٹنرشپ کا خاتمہ کیا تو پاکستان کو نیوزی لینڈ کے جلد آؤٹ ہونے کی امید نظر آئی۔
آف اسپنر نے اپنی جادوئی گیندوں کا سلسلہ جاری رکھا اور 272 پر 6 رنز بنانے والے اعجاز پٹیل اور 274 پر ایک رنز بنانے والے ٹرینٹ بولٹ کو آؤٹ کرکے کیویز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔
بی جے واٹلنگ 250 گیندوں پر 77 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے جو ٹیل اینڈرز کے ہمراہ آخری 3 وکٹوں پر کھیل کے دوسرے دن 45 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے بلال آصف نے 5، یاسر شاہ نے 3 جبکہ شاہین آفریدی اور حسن علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو 2 سال بعد ٹیم کا حصہ بننے والے محمد حفیظ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
نیوزی لینڈ کو دوسری وکٹ کے لیے بھی زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور ٹرینٹ بولٹ نے اپنی ٹیم کو ایک اور کامیابی دلاتے ہوئے دوسرے اوپنر امام الحق کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔
17رنز پر دونوں اوپنرز کے پویلین لوٹنے کے بعد اظہر علی کا ساتھ دینے حارث سہیل آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 85رنز تک پہنچا دیا لیکن ٹم ساؤدھی نے 34رنز بنانے والے حارث کو وکٹ کیپر کی مدد سے قابو کر لیا۔
اس کے بعد اسد شفیق اور اظہر علی نے سنبھل کر بیٹنگ کی اور ٹیم کی سب سے تجربہ کار جوڑی نے میچ کے دوسرے دن کے اختتام تک پاکستان کی مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔
جب میچ کے دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 139رنز بنائے تھے اور اسے نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 135رنز درکار ہیں جبکہ اس کی سات وکٹیں باقی ہیں۔
اظہر علی اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی اور اس وقت 62رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں جبکہ اسد شفیق 26رنز پر کھیل رہے ہیں۔
خیال رہے کہ کھیل کے پہلے روز پاکستانی باؤلرز نے نیوزی لینڈ کے بلے بازوں کو پریشانی میں مبتلا رکھا تھا اور مہمان ٹیم وقت ختم ہونے تک 7 وکٹیں گنوا کر صرف 229 رنز ہی بنا سکی تھی۔