• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

عالمی نمبر ایک بھارتی ٹیسٹ ٹیم کی پوزیشن خطرے میں

شائع December 4, 2018
آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں 0-4 سے شکست بھارت کو عالمی نمبر ایک پوزیشن سے محروم کر سکتی ہے— فائل فوٹو
آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں 0-4 سے شکست بھارت کو عالمی نمبر ایک پوزیشن سے محروم کر سکتی ہے— فائل فوٹو

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی عالمی درجہ بندی میں آسٹریلین ٹیم پانچویں نمبر پر موجود ہے لیکن بھارت کو ٹیسٹ سیریز میں 0-4 سے وائٹ واش کر کے عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کر سکتی ہے۔

پیر کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق آسٹریلین ٹیم کو ٹیسٹ رینکنگ میں بھارت کی طویل حکمرانی ختم کرنے کا موقع مل گیا، تاہم اس ہدف کے حصول کے لیے اسے ٹیسٹ سیریز 0-4 سے جیتنا ہو گی۔

اس وقت بھارتی ٹیم عالمی درجہ بندی میں 116ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ آسٹریلین ٹیم 102ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری آخری ٹیسٹ کے بعد آسٹریلین ٹیم کی پوزیشن میں تبدیلی آ سکتی ہے۔

نیوزی لینڈ کی شکست کی صورت میں آسٹریلین ٹیم چوتھے نمبر پر آ جائے گی اور اس کے بعد بھارت کے خلاف کلین سوئپ سے یہ ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہو سکتی ہے تاہم بھارت کے ہاتھوں شکست کی صورت میں آسٹریلین ٹیم کو چھٹے نمبر پر تنزلی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ڈرا ہونے پر بھارتی ٹیم کے 2 پوائنٹس کم ہوں گے لیکن اس کے باوجود وہ ٹاپ پر رہے گی، البتہ آسٹریلیا کو وائٹ واش کر کے بھارتی ٹیم 120 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن مزید مستحکم کر لے گی۔

آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 6 دسمبر سے ہو گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024